ویسے تو طیارے کسی نہ کسی تکنیکی یا مسافر کے طبی مسئلے پر کریش لینڈنگ کرتے ہیں لیکن سوئٹزر لینڈ سے بنکاک جانے والی ایک پرواز کو میاں بیوی کے جھگڑے کی وجہ سے ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑ گئی۔۔
عرب ویب سائیٹ کے مطابق جرمنی کی ایئرلائن لفتھانسا کی سوئٹزر لینڈ سے بنکاک جانے والی پرواز ایل ایچ 772 میں سوار ایک شادی شدہ جوڑا آپس میں الجھ پڑا۔۔
صورت حال اس قدر بگڑ گئی کہ دونوں آپس میں دست و گریباں ہوگئے۔۔ طیارے میں سوار دوسرے مسافروں نے میاں بیوی کا غصہ ٹھنڈا کرنے کی بہت کوشش کی لیکن دونوں باز نہ آئے۔
طیارے کا پائلٹ صورت حال پر اس قدر زچ ہوا کہ دونوں کو پرواز سے اتارنے کے لئے ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کرلیا۔
پائلٹ نے پہلے پاکستانی سول ایوی ایشن سے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی۔۔ کلیئرنس نہ ملنے پر پائلٹ نے بھارتی حکام سے رجوع کیا۔۔
بھارتی حکام کی اجازت کے بعد طیارے کو نئی دہلی کے اندرا گاندھی ایئر پورٹ پر اتارا گیا۔۔ دونوں کو ہوائی اڈے پر موجود پولیس کے حوالے کرکے طیارہ اپنی منزل پر رواں دواں ہوگیا۔۔
طیارے کی ہنگامی لینڈنگ سے ہونے والی تاخیر اور مسافروں کو ذہنی اذیت پر ایئرلائن نے معذرت کی ہے۔۔