پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسٰی سے آئین کے آرٹیکل 184 (3) کے تحت شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کردیا۔۔
خط میں عمران خان نے چیف جسٹس سے آئین کے آرٹیکل 184 (3) کے تحت شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’پاکستان تحریک انصاف سے وابستہ افراد کو سیاسی انتقام اور جبری گمشدگیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
عمران خان کے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کو ملک بھر میں سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ۔ عدلیہ کے احکامات کے باوجود پارٹی رہنماؤں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، ان کی سیاسی وابستگی تبدیل کرائی جا رہی ہے۔
چیف جسٹس کو لکھے خط میں عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ سیاستدانوں کی جبری گمشدگیوں پر کمیشن قائم کیا جائے۔ سیاستدانوں اور بالخصوص خواتین کارکنان کی گرفتاریاں رکوائی جائیں۔اس کے علاوہ الیکشن کمیشن کو پابند کیا جائے کہ پی ٹی آئی کو دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح انتخابی مہم چلانے میں کردار ادا کرے ۔