اہم ترین

ایپل کا خریداروں کو آئی فون کی چارجنگ کے حوالے سے اہم پیغام

امریکی ٹیک کمپنی ایپل کے تیار کردہ موبائل آئی فون اور دیگر مصنوعات کی دنیا دیوانی ہے۔ کمپنی کے تیار کردہ ان آلات کے صارفین کی تعداد کروڑوں میں ہے۔ ایپل نے ان مصنوعات کے لیے غیر مصدقہ چارجرز اور کیبلز کے استعمال کے خلاف خبردار کیا ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹس میں ایپل کی ایک سپورٹ دستاویز کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ایپل نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دوسرے برانڈز کے چارجرز اور کیبلز استعمال نہ کریں۔

ایپل کا کہنا ہے کہ دوسرے برانڈز کے چارجرز اور کیبلز کا استعمال سست چارجنگ اور بیٹری کو خراب ہونے جیسے مسائل کا باعث بن سکتا ہے۔

ٹیک ماہرین کا یہ بھی ماننا ہے کہ اگر غلط آلات کا استعمال کیا جائے تو برقی خرابی اور حادثات کا خدشہ ہے۔

ایپل نے کہا ہے کہ صارفین کمپنی کے تیار کردہ چارجرز یا ایپل کے لیے بنائے گئے تصدیق شدہ چارجرز استعمال کریں۔ تاہم، یہ سرٹیفیکیشن کوئی ضمانت فراہم نہیں کرتا ہے۔

چند ماہ قبل یورپی یونین نے ایپل سمیت تمام ٹیک کمپنیوں کو پابند کیا تھا کہ یورپ میں استعمال ہونے والے تمام موبائل فون میں USB-C چارجنگ پورٹ لگائی جائے تاکہ پلاسٹک کا کچرے کو کم کیا جاسکے۔

یورپی یونین کے اعلان کے بعد کئی ملکوں نے ایپل کو پابند کیا ہے کہ وہ ان ممالک میں بھی لیے USB-C چارجنگ پورٹ والے موبائل فون متعارف کرائیں۔ سام سنگ سمیت تقریباً تمام سمارٹ فون بنانے والی کمپنیوں نے اس پر اتفاق کیا ہے۔ تاہم ایپل اس کے حق میں نہیں ہے۔

آئی فونز نے برسوں سے ایک علیحدہ لائٹننگ کنیکٹر پورٹ استعمال کیا ہے۔ یورپی یونین کے ماہرین کا اندازہ ہے کہ ایک ہی طرح کے چارجنگ پورٹ سے صارفین کو تقریباً 27 کروڑ ڈالر سے زائد کی سالانہ بچت ہوگی۔

پاکستان