اہم ترین

قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 1115 نشستوں پر 28626 امیدوار

الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی1115 نشستوں پر مجموعی طور پر 28626 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق قومی اسمبلی کی 266 جنرل نشستوں پر مجموعی طور پر 7713 امیدواروں نے کاغذات نامزدی جمع کرائے ہیں۔ جن میں 7242 مرد اور 471 خواتین شامل ہیں۔ خواتین کی مخصوص نشستوں پر 459 جب کہ اقلیتی نشستوں پر 150 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی اسمبلی میں 291 جنرل نشستوں پر 8592 مردوں اور 473 خواتین نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ خواتین کیلیے مخصوص 66 نشستوں پر 601 اور اقلیتی نشستوں پر 127 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

سندھ اسمبلی کل 168 امیدواروں پر مشتمل ہے۔ جن میں سے 130 جنرل نشستیں 29 خواتین اور 9 اقلیتوں کے لئے مختص ہیں۔ جنرل نشستوں پر 4060 مردوں اور 205 خواتین نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ خواتین کی مخصوص نشستوں پر 309 جب کہ اقلیتی نشستوں پر 125 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کی 115 جنرل نشستوں پر مجموعی طور پر 3454 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔ جن میں 3349 مرد اور 415 خواتین امیدوار ہیں۔ خواتین کی 26 مخصوص نشستوں پر 321 اور اقلیتی نشستوں پر 74 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے چھوٹے صوبے بلوچستان کی اسمبلی کے کل ارکان 65 ہیں ۔ جن میں 51 جنرل سیٹیں، 11 خواتین کے لیے اور 3 اقلتیوں کے لیے مختص ہیں۔ یہاں جنرل نشستوں پر 612 مرد اور 19 عورتیں، خواتین کی مخصوص نشستوں پر 134 جب کہ اقلیتوں کی نشستوں پر 67 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی 3 جنرل نشستیں ہیں۔ ان پر 182 مرد اور 26 خواتین نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ اسی طرح قومی اسمبلی مٰں اقلیتوں کے لیے کاغذات نامزدگی بھی وفاقی دارالحکومت میں جمع کرائے گئے۔ ان سیٹوں پر جمع کرائے کاغذات نامزدگی کی تعداد 150 ہے۔

پاکستان