پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ اگر وہ حکومت میں آئے تو 18ویں آئینی ترمیم کے تحت وفاق کے پاس موجود 17 وزاراتیں صوبوں کو منتقل کردیں گے، جس سے 300 ار روپے کی بچت ہوگی۔۔
نوابشاہ میں بختاور کیڈٹ کالج برائے خواتین کی سالانہ تقریب سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کی 70 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ پرانے سیاستدان ملک کا ماضی جب کہ نوجوان مستقبل ہیں۔تعلیم اور روزگار نوجوانوں کا حق ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ڈگری ہاتھ میں لے کر نوجوان دھکے کھاتے ہیں، اگر نوجوان کو روزگار نہیں دیں گے تو تجربہ کیسے آئے گا۔نوجوانوں سے وعدہ ہے کہ روزگار دلانا ہماری ذمے داری ہوگی،یوتھ کارڈ سے روزگار تلاش کرنے والے نوجوانوں کو ایک سال مالی مدد دیں گے۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ تاریخی مہنگائی، تاریخی بیروزگاری اور غربت کا مقابلہ کرنا ہے، جتنی روٹی کپڑا اور مکان کی ضرورت آج ہے، شاید ماضی میں نہیں تھی، حکومت انرجی، فرٹیلائزر اور بہت سے شعبوں میں 1500 ارب روپے کی سبسڈی دیتی ہے، ہمیں واپڈا اور کے الیکٹرک کی ضرورت نہیں، ہم سبز توانائی اور سولر انرجی پر سرمایہ کاری کریں گے، غریبوں کو 300 سو یونٹ تک بجلی مفت دیں گے۔