اہم ترین

امیدواروں نے کاغذات نامزدگی کے ساتھ کروڑوں روپے بھی جمع کرادیئے

ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی جنرل اور مخصوص نشستوں پر امیدواروں نے الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی کے ساتھ مجموعی طور پر 65 کروڑ روپے سے زائد رقم جمع کرائی ہے جو کہ ناقابل واپسی ہے۔

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطاق قومی اسمبلی کی 366 نشستوں پر 8 ہزار 332 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔

الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق ہر کاغذات نامزدگی کے ساتھ 30 ہزار روپے جمع کرائے گئے۔ جو کہ ناقابل واپسی تھے۔ اس طرح قومی اسمبلی کے امیدواروں کی جانب سے جمع کرائی فیس کی رقم 24 کروڑ 96 لاکھ 60 ہزار روپے بنتی ہے۔

ملک کی چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے کل 20ہزار 294 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔ ہر امیدوار کے لئے لازمی تھا کہ وہ کاغذات نامزدگی کے ساتھ 20 ہزار روپے جمع کرائے ۔ یہ رقم بھی ناقابل واپسی تھی۔ اس طرح الیکشن کمیشن کو صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں سے 40 کروڑ 58 لاکھ 80 ہزار روپے حاصل ہوئے۔

قومی اور صوبائی اسمبلی کے کاغذات نامزدگی کی بات کی جائے تو اس کی مجموعی رقم 65 کروڑ 55 لاکھ 40 ہزار روپے بنتی ہے۔

ہر امیدوار کے لئے قومی اسمبلی کے کاغذات نامزدگی کے ساتھ 30 ہزار جب کہ صوبائی اسمبلی کے کاغذات نامزدگی کے ساتھ 20 ہزار روپے جمع کرانے لازمی تھی۔ یہ رقم ناقابل واپسی تھی۔

پاکستان