اہم ترین

،عمران خان کی گرفتاری،مختلف شہروں میں احتجاج پولیس موبائل نذرآتش

عمران خان کی گرفتاری کے بعد مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

اسلام آباد میں دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود نیب راولپنڈی میلوڈی آفس کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں نے  احتجاج کیا۔ جس کے دوران 10 کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے خلاف کراچی کی شارع فیصل پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکن کے مابین تصادم،پی ٹی آئی مظاہرین نے پولیس وین کو آگ لگا دی۔

 مظاہرین نے قیدیوں کو لے جانے والی وین کو بھی نقصان پہنچایا۔ پولیس نے متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔

مشتعل مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا جب کہ اس دوران پولیس نے مظاہرین پر آنسوگیس کی شیلنگ کی۔

مشتعل مظاہرن کے پتھراؤ کے بعد پولیس پیچھے ہٹ گئی۔ اس کے علاوہ بہاولپور، فیصل آباد،گوجرہ اور پشاور میں بھی مظاہرے ہوئے۔

نیب کی جانب سے چیئر مین پاکستان تحریک انصاف کی گرفتاری کے بعد اعلی قیادت نے کارکنوں کو ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی ہے، جس کے بعد بعد ملک کے مختلف شہروں میں کارکنوں نے احتجاج شروع کردیا ہے۔

خیبر پختون خوا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں کارکنوں نے احتجاجاً سڑکیں بند کردیں جس سے عوام مشکلات سے دوچار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ سے گرفتار

پاکستان تحریک انصاف سندھ کی قیادت نے کارکنوں کو انصآف ہاؤس طلب کرلیا۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے شاہراہ فیصل پر روڈ بلاک کردیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور کئی مقامات پر پی ٹی آئی کارکنوں اور شہریوں کے مابین تلخ کلامی بھی ہوئی۔ لاہور جی پی او چوک پر ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی اور احتجاج کیا۔

پی ٹی آئی رہنما چوہدری فواد حسین نے عمران خان کی گرفتاری کو عدلیہ پر حملہ قرار دیتے ہوئے عوام سے گھروں سے باہر نکلنے کی درخواست کردی۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے اپنی ٹویٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کی احاطہ عدالت گرفتاری کو آئین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اس فازشزم کا متحمل نہیں ہوسکتا، اب قوم کو بیدار ہونا ہوگا۔

پاکستان