اہم ترین

پاکستان آئندہ ماہ دیوالیہ ہوسکتا ہے، موڈیز

 بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے متنبہ کیا ہے کہ اگر پاکستان کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایف ایف) سے قرض نہیں ملا تو ملک دیوالیہ ہوسکتا ہے۔

عالمی مالیاتی معاشی جریدے بلومبرگ میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو جون میں ادائیگیاں کرنی ہیں اور اس کے بعد اس کا معاشی مستقبل غیر یقینی ہے۔ اور اس کے مالیاتی معاملات انتہائی خراب ہیں۔

معاشی تجزیہ کار گریس لم نے بلومبرگ کو بتایا کہ آئی ایم ایف سے قرض نہ ملنے کی وجہ سے پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر بہت کم ہوسکتے ہیں۔  کیوں کہ وہ آئندہ ماہ ختم ہونے والے مالی سال میں اپنی بیرونی ادائیگیوں کو پورا کرے گا، جس کے بعد نہایت کم زرمبادلہ کے ذخائر کی وجہ سے اس کے ڈیفالٹ ہونے کا خطرہ زیادہ ہے۔

موڈیز کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ قرض پروگرام کی بحالی کے لیے مذاکرات کر رہا ہے۔ ان مذاکرات کے نویں جائزے کا سلسلہ گزشتہ سال نومبر میں تعطل کا شکار ہوگیا تھا جب کہ پاکستان آئی ایم ایف کے بیل آؤٹ پیکج کی بحالی کے لیے پیش کی گئی بیش تر شرائط کو پورا کرنے میں تاحال ناکام رہا ہے۔

آئی ایم ایف نے قرض پروگرام کی بحالی کے لیے حکومت پاکستان سے شرح تبادلہ ، اضافی ٹیکس اور توانائی کے ٹیرف میں اضافے کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

آئی ایم ایف کی جانب سے اس بابت کہا گیا ہے کہ وہ پاکستان حکام کے ساتھ نویں جائزے کے مذاکرات کو کسی نہج پر پہنچانے کے لیے پُرعزم ہے۔

پاکستان