اہم ترین

مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے پر نظرثانی درخواست سپریم کورٹ میں دائر

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اسمبلیوں میں مخصوص نشستوں کے فیصلے پر نظر ثانی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی۔

12 جولائی کو سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے کیس میں پشاور ہائی کورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو مخصوص نشستوں کا حقدار قرار دے دیا تھا۔

فیصلے پر نظر ثانی کے لئے مسلم لیگ (ن) نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل اور پی ٹی آئی الگ الگ سیاسی جماعتیں ہیں، آزاد امیدوار پہلے ہی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ آئین اور قانون واضح ہے، آزاد امیدواروں کی شمولیت تین دن میں ہی ہوسکتی ہے لیکن عدالتی فیصلے میں آزاد ارکان کو 15 دن میں شمولیت کا کہنا قانون کے خلاف ہے۔

ن لیگ کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے پر عدالت نے فریقین کے دلائل بھی نہیں سنے، سپریم کورٹ 12 جولائی کے فیصلے پر نظر ثانی کرےاور حتمی فیصلے تک گزشتہ عدالتی فیصلے پر حکم امتناع جاری کرے۔

پاکستان