اہم ترین

فیوچر سیلف: اب اے آئی آپ کو مستقبل بہتر بنانے میں بھی مدد کرے گی

مصنوعی ذہانت کا ہماری زندگی میں عمل دخل بہت بڑھ چکا ہے۔یہ اس قدر زیادہ سرائیت کرچکا ہے کہ اب ہمیں اپنا مستقبل بہتر بنانے میں بھی مدد کرے گا۔ جی ہاں ٹیک انجنئرز نے “فیوچر سیلف” کے نام سے ایک چیٹ بوٹ تیار کیا ہے جو لوگوں کو ان کے مستقبل کے خود کے AI ورژن کے ساتھ بات چیت کرکے زندگی سے متعلق اہم فیصلوں میں مدد کرے گا۔

دنیا کی سب سے مقبول یونی ورسٹی ایم آئی ٹی کے ٹیک ماہرین کے مطابق فیوچر سیلف کی تیاری کا مقصد صارفین کو ان کے مستقبل کے بارے میں سوچ اور سمجھ فراہم کرنا ہے، جس کے ذریعے وہ مستقبل سے متعلق بہتر فیصلے کرسکتے ہیں۔

برطانوی اخبار دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق اس پراجیکٹ کے سربراہوں میں سے ایک پیٹ پاٹرانوٹاپورن کا کہنا ہے کہ اس تحقیق کا مقصد لوگوں کو طویل مدتی منصوبہ بندی میں مدد دینا اور اس کے مطابق اپنے رویے میں مثبت تبدیلیاں لانے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

یہ پروٹو ٹائپ عمومی انسانی نفسیاتی اصول پر مبنی ہے۔۔ جس میں وہ اپنے مستقبل کا تصور کرتا ہے۔ یہی تصور اس کے طرز عمل اور فیصلوں کو متاثر کرتا ہے۔ اپنے تخیلاتی مستقبل کے ساتھ بات کرکے صارفین حال کے اقدامات اور ان کے طویل مدتی نتائج پر غور کر سکتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ چیٹ بوٹ اوپن اے آئی کے جی پی ٹی 3.5 کے ذریعے صارفین سے بات کرتا ہے اور ان کی معلومات کی بنیاد پر مشورہ دیتا ہے۔ یہ طریقہ لوگوں کو صحت، کیریئر اور ذاتی تعلقات کے حوالے سے بہتر فیصلے کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔

فیوچر سیلف کو اب تک سیکڑوں افراد پر آزمایا جاچکا ہے۔ 344 رضاکاروں کے ساتھ ابتدائی آزمائشوں کے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں۔ چیٹ بوٹ سے بات کرنے کے بعد رضاکاروں نے خود کو اپنے مستقبل سے متعلق کم فکر مند اور زیادہ پر اعتماد محسوس کیا۔

پاکستان