پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے وہاڑی میں تنظیمی کنونشن سے خطاب میں کہا ہے کہ ہم قدرت پر یقین رکھتے ہیں، سیاسی انتقام پر نہیں۔ نومئی کو جو کچھ ہوا ان کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے۔ انہوں نے اپنی گرفتاری سے پہلے ہی غاروں میں بیٹھے دہشت گردوں کی طرح منصوبہ بندی کرتے ہوئے اہداف طے کیے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ سارے منصوبے کاغذ پر بنائے گئے تھے اور انہوں نے سیدھا کور کمانڈرہاؤس پر جاکر حملے کیے جبکہ راستے میں کئی حکومتی عمارات اور شاپنگ سینٹرز آتے ہیں ، لیکن وہاں کسی نے کچھ نہیں کیا۔
عمران خان نے گروپ بنا کر انہیں اپنی گرفتاری کی صورت میں اہداف دیے تھے اور سارے واقعات اسی منصوبہ بندی کے تحت ہوئے۔ لاہور کے شرپسند گروپ نے جناح ہاؤس، کوئٹہ کے گروپ نے چھاؤنی اور میانوالی والے گروپ نے میانوالی ایئر بیس کو نقصان پہنچایا لیکن انہوں نے اس طیارے پر حملہ نہیں کیا جس کو عمران خان اپنے دور حکومت میں رکشے کی طرح استعمال کرتے رہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بلوائی راولپنڈی میں لال حویلی کے بجائے سیدھا جی ایچ کیو کیوں گئے تھے ۔ فوجی تنصیبات پر حملہ اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کا مقصد فوج کے خلاف تشدد کی لہر کو جنم دینا اور اسے کم زور کرنا تھا جس میں فتنہ خان بری طرح ناکام رہے۔
نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ یہ جنرل فیض کو آرمی چیف بنا کر دس سال تک حکومت کرنا چاہتا تھا، پھر اس نے دباؤ ڈالنے کے لیے قومی اسمبلی چھوڑی اور صوبائی اسمبلیاں تحلیل کردیں۔ نومئی کو بھی عمران خان نے سوچا تھا کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کرکے یہ اپنی باتیں منوالے لے گا۔ لیکن رعونت میں ڈوبا عمران خان آج بے بسی کی تصویر بنا بیٹھا ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ عمران خان وطن کا غدار ہے ۔ اب اس کی جماعت کا ٹکٹ بھی کوئی نہیں لے گا۔ اور جس نے لیا تو عوام اس کا وہی حال کرے گی جو عمران خان نے نو مئی کو ملک کا کیا تھا۔