جو جوناس نے فلوریڈا کی میامی ڈیڈ کاؤنٹی میں اداکارہ سوفی ٹرنر سے طلاق کے لیے درخواست دائر کر دی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ان کا رشتہ اب ایک ایسے موڑ پر پہنچ چکا ہے جہاں سے واپسی کا کوئی راستہ نہیں۔
یہ دونوں دو بیٹیوں کے والدین ہیں جو 2020ء اور 2022ء میں پیدا ہوئیں۔ جوناس بچوں کی مشترکہ تحویل کے خواہاں ہیں۔ درخواست کی تفصیلات کے مطابق، اس حوالے سے ان کا سوفی ٹرنر کے ساتھ ایک زبانی معاہدہ ہو چکا ہے۔
دونوں نے 2016ء میں ڈیٹنگ شروع کی اور 2017ء میں ان کی منگنی ہوئی۔ اس وقت جوناس نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام پیج پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں ٹرنر کو اپنی منگنی کی نئی انگوٹھی پہنے ہوئے دکھایا گیا تھا، اور کیپشن میں لکھا تھا “وہ شادی کے لیے راضی ہے۔”
سوفی ٹرنر اور جوناس برادرز نامی پاپ بینڈ کے گلوکار جو جوناس نے دو مرتبہ اپنی شادی کی تقریب منعقد کی۔
پہلی بار 2019ء میں لاس ویگاس میں بل بورڈ میوزک ایوارڈز میں شرکت کے بعد، جہاں انہوں نے ایلوس پریسلے کی نقالی پر مبنی ایک تقریب کے دوران اپنے خاندان اور قریبی دوستوں کے ایک چھوٹے سے گروپ کے سامنے شادی کی انگوٹھیوں کا تبادلہ کیا۔
ان کی شادی کی خبر سب سے پہلے اس وقت منظر عام پر آئی جب تقریب کے ڈی جے ڈپلو نے پنڈال کے اندر سے تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں۔ سوفی ٹرنر کے ایک نمائندے نے بعد میں خبر رساں اداروں کو تصدیق کی کہ جوڑے نے واقعی شادی کر لی ہے۔
ایلے کے مطابق، “گیم آف تھرونز” اسٹار اور جوناس نے ایک بار پھر فرانس کے جنوب میں واقع خوبصورت چیٹو ڈی ٹوریو میں اپنی شادی کی ایک شاندار تقریب کا انتظام کیا۔
سوفی ٹرنر نے شادی کے بعد سوشل میڈیا پر ایک تصویری جھلک شیئر کی جس میں انہوں نے اپنے شوہر کے ساتھ ایک سیاہ اور سفید تصویر پوسٹ کی اور کیپشن میں “مسٹر اینڈ مسز جوناس” لکھا۔
گیم آف تھرونز میں سوفی ٹرنر کی شریک اداکارہ میسی ولیمز مبینہ طور پر ان کی میڈ آف آنر تھیں اور جوناس کے بھائی اور میوزیکل بینڈ کے ساتھی نک اور کیون بھی فرانس میں ہونے والی اس استقبالیہ میں موجود تھے۔