غزہ میں اسرائیل کی جانب سے بے گناہوں کے قتل عام اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے قطر میں حماس کے رہنمآں خالد مشعل اور اسماعیل ہانیہ سے ملاقات کی ہے۔
جے یو آئی (ف) کے ترجمان کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے قطر کے دارالحکومت دوحا میں حماس رہنماؤں خالد مشعل اور اسماعیل ہانیہ سے ملاقات کی ، اس موقع پر ان کے ہمراہ جے یو آئی کے دیگر رہنما بھی تھے۔ مولانا فضل الرحمان نے شہداء کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعاء کی ۔
ملاقات کے دوران مسئلہ فلسطین پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسرائیل فلسطین میں ظلم وستم کرکے قبلہ اول کو ہیکل میں بدلنے کی مذموم کوشش کررہا ہے۔ترقی یافتہ ممالک کے دعویداروں کے ہاتھ معصوم بچوں اور خواتین کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔
اسماعئل ہانیہ نے کہا انسانی حقوق کے دعویدار ممالک ہتھیاروں سے بھرے جہاز لے کر تل ابیب پہنچ رہے ہیں ۔ امت مسلمہ کا فرض ہے کہ وہ اسرائیلی مظالم کے خلاف متحد ہوجائے ۔ امت مسلمہ بھی فلسطینی بھائیوں کی حمایت کے لئے میدان میں نکلے اور اپنی ماؤں بہنوں اور بھائیوں کی مدد کرے۔
خالد مشعل نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین پر ڈھائے جانے والے مظالم انسانی حقوق کے دعویداروں کے منہ پر طمانچہ ہے، مولانا فضل الرحمان پاکستان میں فلسطین کے سفیر کا کردار ادا کررہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے حماس قیادت کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی صرف اپنی زمین ہی نہیں بلکہ امت مسلمہ کی طرف سے فرض ادا کرتے ہوئے قبلہ اول کی آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں ۔ وقت آگیا ہے کہ امت مسلمہ عملی میدان میں فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو ۔