اہم ترین

ریاست کے سوا کسی بھی گروہ کی مسلح کارروائی قبول نہیں ، آرمی چیف

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ ریاست کے سوا کسی بھی گروہ کی مسلح کارروائی قبول نہیں ۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر سے تمام مکاتب فکر کے نمائندہ علما و مشائخ نے ملاقات کی۔

اس موقع پر علمائے کرام نے انتہاپسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کی مذمت کرتے ہوئے ملک میں برداشت، امن اور استحکام کے لیے ریاست اور پاک فوج کی انتھک کوششوں کی حمایت جاری رکھنے اعادہ کیا۔

آرمی چیف نے قرآن و سنت کی تفہیم، دیگر علمی معلومات کے ساتھ نوجوانوں کی کردار سازی اور ان کی تیکنیکی صلاحیت بڑھانے کے لیے علمائے کرام کو کردار ادا کرنے پر زور دیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ یہ ملک ہر قسم کے مذہبی، صوبائی یا کسی دوسرے امتیاز کے بغیر تمام پاکستانیوں کا ہے۔ ملک میں کسی کے خلاف عدم برداشت اور انتہا پسند رویے کے لیے کوئی جگہ نہیں، بالخصوص اقلیتوں اور کمزور طبقوں کے خلاف انتہا پسند رویہ بالکل ناقابل قبول ہے۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ریاست کے سوا کسی بھی ادارے یا گروہ کا طاقت کا استعمال اور مسلح کارروائی ناقابل قبول ہے، کسی بھی گروہ کی مسلح کارروائی قبول نہیں کریں گے۔

پاکستان