اہم ترین

ٹی20 ورلڈ کپ: ہارنے والوں پر بھی ہوگی ڈالروں کی بارش

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل امریکا اور ویسٹ انڈیز میں کھیلے جارہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جہاں فاتح ٹیم کو کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم ملے گی وہیں ہارنے والوں پر بھی ڈالروں کی بارش ہوگی۔

امریکا اور ویسٹ انڈیز میں نواں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جاری ہے۔ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے میگا ایونٹ میں شامل ٹیموں کو انعامی رقم کا اعلان کردیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انعامات کی مجموعی رقم کا حجم ایک کروڑ 12 لاکھ 50 ہزار ڈالرز ہے۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 24 لاکھ 50 ہزار ڈالر جب کہ فائنل ہارنے والی ٹیم کو 12 لاکھ 80 ہزار ڈالرز انعام ملیں گے۔ اسی طرح سیمی فائنل ہارنے والی دونوں ٹیموں کو 7 لاکھ 87 ہزار 5 سو ڈالرز ملیں گے۔

ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے سے اگلے مرحلے کےلیے کوالیفائی نہ کرنے والی چاروں ٹیموں کو 3 لاکھ 82 ہزار 5 سو ڈالرز ملیں گے۔

9 سے 12 پوزیشن کی ٹیموں کو 2 لاکھ 47 ہزار 5 سو ڈالرز جب کہ 13 سے 20ویں پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کو 2 لاکھ 25 ہزار ڈالرز فی ٹیم ملیں گے۔

اس کے علاوہ ہر میچ کی فاتح ٹیم کو الگ سے 31 ہزار ایک سو 54 ڈالرز اضافی بھی ملیں گے۔

پاکستان