اہم ترین

پانچ آئی پی پیز سے معاہدے ختم: 411 ارب روپے سالانہ بچت ہوگئی: وزیر اعظم

حکومت نے پانچ آئی پی پیز کے ساتھ بجلی خریدنے کے معاہدے ختم کردیئے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اس سے ملکی خزانے کو 411 ارب روپے کی بچت ہوگی۔

وفاقی وزارت اطلاعات اور پی آئی ڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق راوسچ پاور، صبا پاور، لال پیر، حبکو اور اٹلس پاور نامی نجی بجلی گھروں کے ساتھ حکومت کے بجلی خریدنے کے معاہدے ختم کردیئے گئے ہیں۔

اس حوالے سے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ وہ عوام سے کیے گئے اپنے ہر وعدے پر قائم ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ عوام کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جن آئی پی پیز سے بجلی کی خریداری ختم کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ ان آئی پی پیز کا ٹیک اینڈ پے بھی مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔ ان کے بقایا جات پر سود بھی ادا نہیں کیا جائے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ان پانچ بجلی گھروں سے معاہدے ختم ہونے سے عوام کو سالانہ 60 ارب روپے کا ریلیف ملے گا جب کہ قومی ریاست کے 411 ارب روپے بچیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلا مرحلہ ہے۔ دیگر آئی پی پیز کے ساتھ کئے گئے معاہدوں پر بھی نظر ثانی کی جائے گی۔ اور ان کے ٹیرف کو کم کیا جائے گا۔

پاکستان