اہم ترین

ابھی تک نہیں پتہ کہ انتخابات میں ہمارا کون کون امیدوار جیتا ہے: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ جھے ابھی تک پتہ ہی نہیں انتخابات میں ہماری پارٹی سے کون کون امیدوار جیتا ہے۔

بی بی سی کے مطابق اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا کہ تشدد سہنے والے اور فائلیں دیکھ کر بھاگنے والے پارٹی رہنماؤں کے بارے میں الگ فیصلے ہوں گے۔

پارٹی میں گروپنگ سے متعلق عمران خان نے کہا کہ میں نے دونوں گروہوں کو چار تاریخ کو بلایا ہے۔ ان سے بات کروں گا۔مجھے ابھی تک پتہ ہی نہیں انتخابات میں ہماری پارٹی سے کون کون امیدوار جیتا ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ بجٹ ظالمانہ بجٹ ہے۔ اس سے مہنگائی کا طوفان آنے والا ہے۔بجلی گیس اور ٹیکسز میں مزید اضافہ ہوگا۔ حکومت نے اپنے اخراجات کم کرنے کی بجائے سارا بوجھ غریب عوام پر ڈال دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کو مشکلات سے نکالنا ہے تو شفاف الیکشن کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔ عوامی مینڈیٹ سے بننے والی حکومت ہی اصلاحات کر کے ملک کو مشکل سے نکال سکتی ہے۔

امریکی ایوان نمائندگان (کانگریس) میں 8 فروری کے انتخابات سے متعلق منظور کی گئی قرارداد سے متعلق عمران خان نے کہا کہ اس میں وہی سوالات اٹھائے گئے ہیں جن کا ذکر پلڈاٹ، فافن اور پٹن نے کیا ہے۔ کانگریس نے پوری تحقیقات کے بعد متفقہ طور پر قرار داد منظور کی ہے۔

پاکستان