اہم ترین

خواتین میں شور جب کہ آلودگی مردوں میں بانجھ پن کی وجہ بنتی ہے: تحقیق

ڈنمارک کے محققین نے پتہ چلایا ہے کہ فضائی آلودگی اور شور شرابا الگے الگ طریقے سے مردوں اور خواتین میں بانجھ پن کی وجہ بنتا ہے۔

دی بی ایم جے نامی طبی جریدے میں ڈنمارک سے تعلق رکھنے والے محققین کی ایک تحقیق شائع ہوئی ہے۔ جس میں شہروں میں رہنے والے جوڑوں یا خواتین اور مردوں میں انفرادی طور پر بانجھ پن کی وجوہات کا احاطہ کیا گیا ہے۔

تحقیق کے دوران ماہرین نے اندازہ لگایئا کہ فضائی آلودگی مردوں میں کم زرخیزی کی وجہ بنتی ہے جب کہ شور شرابا خواتین میں حمل نہ ٹہر سککنے جیسے مسائل پیدا کرسکتا ہے۔

ماہرین نے اپنی تحقیق میں مزید کہا ہے کہ مستقبل میں اگر ان کے تجزیے کی تصدیق ہوجاتی ہے تو فضائی آلودگی اور شور کم کرکے مغربی دنیا میں شرح پیدائش کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں ہر 7 میں سے 1 جوڑے کو صاحب اولاد ہونے میں مشکلات درپیش آتی ہیں۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کوپن ہیگن میں ڈینش کینسر انسٹی ٹیوٹ سے تعولق رکھنے والی ماہر میٹے سورینسین کی سربراہی میں ایک ٹیم نے 30 سے ​​45 سال کی عمر کے ان 9 لاکھ بالغ مرد اور خواتین کے طبی معاملات پر نظر ڈالی جو 2000 سے 2017 کے درمیان ڈنمارک میں مقیم تھے۔

تحقیق کے دوران ماہرین نے بانجھ پن کا شکار خواتین اور مردوں کی رہائش گاہوں کے اطراف علاقے میں 1995 سے 2017 فضائی آلودگی کی سطح کا موازنہ کیا تو انہیں بانجھ پن اور آلودگی کے درمیان تعلق نظر آیا۔

اس کے علاوہ تحقیق میں شامل ہر فرد کی صاحب اولاد ہونے کی صلاحیت اور ان کے رہائشی علاقوں میں ٹریفک کے شور کی سطح اثر انداز ہونے کا بھی پتہ چلا ۔

ماہرین نے 18 سال کے اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد 16 ہزار 172 مردوں اور 22 ہزار 672 خواتین میں بانجھ پن کی تشخیص کی ۔

اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 5 سال تک مسلسل آلودہ فضا والے علاقوں میں رہنے والے 30 سے ​​45 سال کی عمر کے مردوں میں بانجھ پن کی تشخیص کا خطرہ 24 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔

دوسری جانب خواتین کی زرخیزی ایک مختلف عنصر شور سے متاثر ہوتی ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ پانچ سال تک ٹریفک کے شور کی اوسط سطح 10.2 ڈیسیبل سے زیادہ والی جگہوں میں رہائش پزیر 35 سال سے زیادہ عمر کی خواتین میں بانجھ ہونے کی تشخیص کے امکانات 14 فیصد زیادہ تھے۔

شور کا 30 ​​سے ​​37 سال کی عمر کے مردوں کی زرخیزی پر بالکل اثر نہیں ہوا تاہم اس سے 37 سے 45 سال کی عمر کے مردوں میں بانجھ پن کی شرح میں معمولی اضافہ دیکھا گیا ۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ شور اور آلودگی کا بانجھ پن کے درمیان تعلق سے متعلق ان کی تحقیق کے نتائج حتمی نہیں ۔ اس سلسلے میں مزید تحقیق کی ضرروت ہے۔

پاکستان