نئے ہجری سال کے آغاز پر مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کا غلاف تبدیل کردیا گیا ہے۔
حرمین شریفین کے امور کی جنرل اتھارٹی نے نئے سال کے آغاز پر غلاف کعبہ کو تبدیل کردیا۔ غلاف کعبہ کی تبدیلی کا عمل رات بھر جاری رہا۔
مکّہ میں شاہ عبدالعزیز کعبہ مشّرفہ غلاف کمپلیکس میں واقع کسوہ فیکٹری میں تیار کیا گیا غلاف کعبہ چھوٹے بڑے تقریباً 45 حصوں پر مشتمل ہے۔
850 کلو گرام خالص ریشم کے کپڑے سے تیار کئے گئے غلاف کعبہ پر نقاشی اور خطاطی کے لئے 120 کلو گرام سونے اور 100 کلو گرام چاندی کا استعمال کیا گیا ہے۔
چند برس پہلے تک غلاف کعبہ ہر سال 9 ذی الحجہ کو تبدیل کیا جاتا تھا۔ تاہم اب غلاف کعبہ کو ہر ہجری سال کے پہلے دن یعنی یکم محّرم کو تبدیل کیا جاتا ہے۔