وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی اور پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ چلانے کا فیصلہ کرلیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک کی معیشت اور مفاد کے خلاف کام کیا ہے۔ آئی ایم ایف کو خط لکھنا پی ٹی آئی کا ملک دشمن ایجنڈا تھا۔ غیر ملکی فنڈنگ کیس، نو مئی کے فسادات اور سائفر کیس کے علاوہ حال ہی میں پاکستان کے سیاسی عمل سے متعلق امریکہ میں قرارداد پیش کرنے میں کردار پر پی ٹی آئی کے خلاف پابندی لگانے کے لیے قابل عمل شواہد موجود ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی اور ملک ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ تمام چیزوں کو دیکھتے ہوئے پی ٹی آئی پر پابندی لگائی جائے گی۔ فیصلہ حکومتی اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کیا ہے۔ ملک کو آگے جانا ہے تو شر پسند عناصر پر پابندی لگانا ہی پڑے گی۔ پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کرنے پڑے تو کریں گے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان، سابق صدر عارف علوی اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت غداری کو مقدمہ درج کرانے کے لیے ریفرنس دائر کیا جائے گا۔ ان تینوں لوگوں کے خلاف وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد یہ ریفرنس سپریم کورٹ کو بھجوایا جائے گا۔