اہم ترین

طلبا اور فن کاروں کے لیے مصنوعی ذہانت سے لیس قلم تیار

مصنوعی ذہانت کی جادوگری سے کون واقف نہیں ہے اور  چیٹ جی پی ٹی کے بعد سے دنیا بھر میں ہر خاص و عام لفظ” مصنوعی ذہانت” سے بخوبی واقف ہوچکا ہے۔

آرٹیفیشل انٹیلیجنس جسے مختصراً اے آئی بھی کہا جاتا ہے گویا ایک جادوئی چھڑی کی طرح ہر اس کام کو سرانجام دینے کے لیے تیار رہتی ہے جسے اس سے قبل مشکل سمجھا جاتا ہے۔

مصنوعی ذہانت کی اس ریس میں دنیا کی ہر چھوٹی بڑی ٹیکنالوجی کمپنی کچھ نہ کچھ نئی پیش رفت کے لیے تیار ہے۔

ٹیکنالوجی کمپنی نوا نے اے آئی کے میدان میں آگے بڑھتے ہوئے ” نُووا” کے نام سے ایک پین ڈیولپ کیا ہے جو بظاہر دکھنے اور لکھنے میں عام قلم جیسا ہی ہے لیکن اس کی خاص بات یہ ہے کہ اس سے لکھی گئی ہر تحریر، بنائی گئی ہر تصویر اور نقشہ ہاتھوں ہاتھ استعمال کنندہ کے ٹیبلیٹ، اسمارٹ فون یا کمپیوٹر پر ڈیجیٹل شکل میں تبدیل ہوکر محفوظ ہوجاتاہے۔

بلیو ٹوتھ اور موبائل ایپ کی مدد سے یہ قلم آپ کو لائیو سنک کرنے کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے اور آپ کی گئی ہر تحریر، یا بنائی گئی کوئی بھی ڈرائنگ فوری طور پر اپ کی منتخب کردہ ڈیوائس پر منتقل ہوتی رہتی ہے۔

 اس پین میں روشنائی وہ ہی استعمال کی گئی ہے جو عام قلم میں استعمال کی جاتی ہے۔ اس اے آئی پین کو خصوصی طور پر طلباء، گرافک ڈیزائنرز اور ان فن کاروں کے لیے تیار کیا گیا ہے جو اپنے کام کو ڈیجیٹل ڈیوائس پر منتقل کرکے اس میں مزید نکھار لانے کی کوشش کرتے ہیں۔

مصنوعی ذہانت سے لیس اس قلم میں نب کے ساتھ ایک ڈیجیٹل کیمرہ دیا گیا ہے جو اس پین کو ابتدائی طور پر رواں سال ہونے والے کنزیومر الیکٹرانکس شو 2023ء میں  199 ڈالر کی تعارفی قیمت کے ساتھ پیش کیا گیا تھا۔ اس نمائش میں اسے وزیٹرز کی جانب سے بہت پذیرائی ملی اور اسے سی ای ایس 2023ء ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

تاہم، تجارتی بنیادوں پر یہ قلم آئندہ سال کی ابتدا تک فروخت کے لیے دست یاب ہوگا۔

پاکستان