مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ آج بجلی کا بل کوئی بھی ادا نہیں کرسکتا، ملک کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جا رہے۔
لاہور میں اجلاس سے خطاب کے دوران مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ اس وقت صورت حال یہ ہے کہ بجلی کا بل کوئی بھی ادا نہیں کرسکتا، یہ غریب لوگوں کے لیے ہی نہیں بلکہ ہر ایک کے لیے مصیبت بن چکا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں لوڈ شیڈنگ ختم کی اور بجلی کی قیمت بھی کنٹرول میں رکھی تھی۔ 2017 تک بجلی کے بل کم اور ڈالر کا نرخ نیچے تھا، 2018 سے نظر لگی اور غریب پس کررہ گیا۔
سابق وزیر اعظم بولے کہ سڑک پر پھرتے شخص کو کہا گیا آؤ ہم تمہیں انصاف دیں گے، سب کو پتا ہے کہ ہم نے آئی ایم ایف کو واپس بھیج دیا تھا بعد میں کون لایا تھا؟ ۔ ترقی کرتا ہوا ملک گڑھے میں گرا دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جا رہا، فیصلے دینے والوں کو اب بھی سوچنا ہوگا، عوام کی پرواہ کریں، ریلیف کیلئے جو بھی کرنا پڑتا ہے کریں۔