اہم ترین

ممبئی میں سلمان اور شاہ رخ کے مسلمان سیاستدان دوست بابا صدیقی قتل

بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان اور شاہ رخ خان سمیت کئی فلمی ستاروں کے قریبی دوست اور ممبئی کے معروف مسلمان سیاستدان بابا صدیقی کو ان کے دفتر کے سامنے قتل کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بابا صدیقی ممبئی کے علاقے نرمل نگر میں ہفتے کی رات اپنے رکن اسمبلی بیٹے ذیشان صدیقی کے دفتر پہنچے تھے۔ دو افراد دفتر کے باہر ان پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔

بابا صدیقی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئے۔ پولیس واقعے کے الزام میں دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بابا صدیقی کو 15 دن پہلے ہی جان سے مارنے کی دھمکی ملی تھی اور اس کے بعد انہیں سیکورٹی فراہم کی گئی تھی۔

بابا صدیقی کئی دہائیوں سے کانگریس پارٹی کا حصہ تھے۔ وہ ریاستی اسمبلی کے رکن بھی منتخب ہوئے تھے تاہم چند ہفتوں پہلے وہ کانگریس چھوڑ کر دوسری پارٹی میں شامل ہوئے تھے۔

بابا صدیقی کے بالی ووڈ کی شخصیات سے گہرے مراسم تھے تاہم سلمان خان اور شاہ رخ خان کے بہت قریبی سمجھے جاتے تھے۔ ہر سال رمضان المبارک میں ان کے گھر دعوت افطار کا انعقاد کیا جاتا تھا۔ جس میں ناصرف مسلمان بلکہ غیر مسلم اداکاروں کی بھی بڑی تعداد شرکت کرتی تھی۔

پاکستان