اہم ترین

کسی طاقت کو پاکستان کی ترقی کو پٹڑی سے اتارنے نہیں دیں گے: بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کسی طاقت کو ہمارے پیارے ملک کی ترقی کو پٹڑی سے اتارنے نہیں دیں گے۔

سانحہ کارساز کی 17 ویں برسی پر پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سانحہ کارساز ایک سوچی سمجھی سازش تھی۔ آمریت اور دہشت گردوں نے مل کر شہید بینظیر بھٹو اورپارٹی کی مرکزی قیادت کو نشانہ بنایا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سانحہ کارساز یاد دلاتا ہے کہ بہادر جیالوں نے جمہوریت کے کاز کی خاطراپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ جیالوں کی قربانی ہمارے اس طویل اور پرامن جمہوری پاکستان کے سفر کا اٹوٹ حصہ ہے۔ شہداء کارساز کا خون ہمیں انتہاپسندی اور ناانصافی کے خلاف لڑنے کا حوصلہ دیتا ہے

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہمارے شہداء کی قربانی اُن مُٹھی بھر عناصر سےلڑنے کی ترغیب دیتی ہے جو عوام کے حقوق غضب کرنے پر تُلے ہوتے ہیں۔ دہشت گردی اور تشدد کے ذریعے جمہوریت کی آواز کو دبانے کی خواپش رکھنے والے ناکام ہو چکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر پاکستانی کے حقوق کے تحفظ کے لیے ثابت قدم رہیں گے، جمہوریت کی حفاظت کریں گے انتہاپسندی کے خلاف ڈٹ جائیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ عوام کی خدمت میں جمہوریت، انصاف اور قربانی کے اصولوں پر پیپلز پارٹی کا عزم غیر متزلزل ہے، ہم عہد کرتے ہیں کہ کسی طاقت کو ہمارے پیارے ملک کی ترقی کو پٹڑی سے اتارنے نہیں دیں گے۔

پاکستان