بھارتی فلم نگری کی بے باک اداکارہ ملیکہ شیراوت کہتی ہیں کہ بالی ووڈ میں چمچہ گیری، چاپلوسی اور خوشامد ہی سب کچھ ہے۔
بالی ووڈ اداکارہ ملیکا شیراوت نے دو سال بعد فلم ‘وکی ودیا کا وہ والا ویڈیو’ سے بالی ووڈ میں واپسی کی ہے۔ تاہم اس میں ان کا ایک مختصر کردار ہے۔
بھارتی فلم نگری میں واپسی پر انہوں نے یو ٹیوب چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ بالی ووڈ میں فنکاروں کو بہت منافق ہونا پڑتا ہے۔ لوگ بہت جلد ناراض ہو جاتے ہیں۔ اگر آپ منافق نہیں ہیں تو فلمیں آپ کے ہاتھ سے نکل جاتی ہیں اور لوگ آپ کو برا بھلا کہتے ہیں۔
بھارتی اداکارہ نے مزید کہا کہ یہاں چمچہ گیری اور چاپلوسی ہی سب کچھ ہے۔ اگر بالی ووڈ میں کسی کو خوشامد نہیں آتی تو وہ کامیاب نہیں ہوپائے گا۔ انہوں نے کبھی کسی کی خوشامد نہیں کی اس لئے انہیں وہ مقام نہیں مل پایا۔
اپنے کرداروں کی بدولت شہرت پانے والی ملیکہ شیراوت پہلے بھی بالی ووڈ اداکاروں پر شدید تنقید کرچکی ہیں۔
اپنے ایک انڑیوی میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کے ساتھ کام کرنے والے کئی بڑے اداکار یہ سمجھتے تھے فلموں کی طرح وہ اپنی ذاتی زندگی میں بھی ایسی ہی ہیں۔ اس لئے وہ انہیں راتوں کو فون کیا کرتے تھے۔