پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے پولیو سے پاک پاکستان کا وعدہ کرتے ہیں، یہ ہماری جماعت کی اولین ترجیح رہے گی۔
انسداد پولیو کے عالمی دن کی مناسبت سے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پولیو ایک عالمی سطح کا چیلنج ہے، پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ پولیو پاکستان میں بچوں کے مستقبل کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔ انہوں نے سب سے پہلے اپنی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری کو پولیو ویکسین پلائی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کے خاتمے کی تاریخی جدوجہد کا آغاز بے نظیر بھٹو نے کیا تھا۔ اس تاریخی لمحے نے پاکستان کے پولیو کے خاتمے کے عزم کو مضبوط کیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہر بچے کی صحت اور مستقبل ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے، رواں سال ملک میں رپورٹ ہونے والے 39 نئے پولیو کیسز پر تشویش ہے۔ پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔ پولیو کیسز میں حالیہ اضافہ یاد دہانی ہے کہ ہمارا کام ابھی ختم نہیں ہوا
انہوں نے کہا کہ ہیلتھ ورکرز اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر ہر بچے کو پولیو سے بچاوَ کے قطرے پلاتے ہیں، یہی پاکستان کی پولیو کے خلاف جنگ کے اصل ہیروز ہیں، ان کی حفاظت و حمایت ہماری ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے تاکہ وہ اپنا اہم کام جاری رکھ سکیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پولیو کا خاتمہ نہ صرف ایک عوامی صحت کی ترجیح ہے بلکہ معاشرتی انصاف اور مساوات کا بھی معاملہ ہے، پولیو زیادہ تر ہمارے معاشرے کے سب سے کمزور طبقے کو متاثر کرتا ہے، کوئی بھی بچہ ایسی بیماری کا شکار نہیں ہونا چاہیے جو مکمل طور پر قابلِ انسداد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنما ویکسینیشن کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پھیلائیں، رہنماوَں کو پولیو مہم کے خلاف پائی جانے والی غلط فہمیوں یا مزاحمت کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ آج ہمیں مل کر کھڑا ہونا ہوگا تاکہ پاکستان کا کوئی بھی بچہ پولیو کا شکار نہ ہو
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انسداد پولیو پروگرام صرف ایک صحت مہم نہیں، بلکہ ایک قومی مشن ہے۔ پولیو کے آخری کیس کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ہم اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے پولیو سے پاک پاکستان کا وعدہ کرتے ہیں، یہ ہماری جماعت کی اولین ترجیح رہے گی۔