اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیشی کے دوران عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی آبدیدہ ہو گئیں اور کہا کہ 9 ماہ سے ناانصافیاں دیکھ رہی ہوں میں اب یہاں نہیں آؤں گی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
دوران سماعت جج نے ریمارکس دیے کہ بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا جانا تھا، سینٹرل جیل حکام کو ہدایت کریں کہ عمران خان کو ویڈیو لنک کے ذریعے حاضر کریں۔ جس پرعمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر نے استدعا کی کہعدالت سخت حکم دے تب ہی بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا جائے گا۔
روسٹرم پر آکر بشریٰ بی بی نے کہا کہ ہمارے وکلاء سمیت تمام وکلاء صرف وقت ضائع کرتے ہیں، کسی جج کو نظر نہیں آتا۔ 9 مہینوں سے انصاف کی کرسی میں بیٹھے ہوئے منصفوں کی ناانصافی کا شکار ہوں۔
بشریٰ بی بی نے مزید کہا کہ میں انصاف کے لیے نہیں آئی، میرا کمبل اور دیگر سامان گاڑی میں ہے جب آپ کہیں گے میں جیل جانے کو تیار ہوں۔میں اب اس عدالت میں نہیں آؤں گی، یہاں صرف ناانصافیاں ہوتی ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے عمران خان کی 6 اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے کی حد تک درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔