پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ بھارت کے اگر کوئی تحفظات ہیں تو ہم سے بات کرے ہم انھیں دور کریں گے۔
پاکستان میں آئندہ سال فروری اور مارچ کے دوران میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی شیڈول ہے ۔ جس میں پاکستان کے علاوہ آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، ویسٹ انڈیز اور بنگلا دیش کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
آئی سی سی کو چیمپیئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان 11 نومبر کو کرنا تھا بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیمپیئنز ٹرافی کا شیڈول جاری ہونے سے قبل ہی پاکستان آ کر کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔ جس کی وجہ سے شیڈول کا اعلان تعطل کا شکار ہے۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی کے لئے کوالیفائی کرنے والی تمام ٹیمیں پاکستان آنے کو تیار ہیں۔ کسی کو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں ایسی کوئی وجہ نہیں جس کی بنیاد پر وہ بھارتی ٹیم پاکستان نہ ۤسکے ۔ بھارت کو اگر کوئی تحفظات ہیں تو ہم سے بات کرے ہم دور کریں گے۔
چیئرمین پی سی بی کے مطابق کچھ چیزیں ری شیڈول ضرور ہوئی ہیں لیکن آئی سی سی کی جانب سے ابھی ہمیں ایونٹ کی منسوخی کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں دی گئی، ایونٹ کے شیڈول کا اعلان آئی سی سی نے کرنا ہے، امید ہے جلد اعلان کرے گا، ہمیں بھی انتظار ہے تاکہ اس حساب سے تیاریاں کریں۔
محسن نقوی نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی پاکستان میں اچھے طریقے سے ہو گی۔کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے۔ آئی سی سی کو اپنی ساکھ کے بارے میں سوچنا ہوگا۔ آئی سی سی سے رابطے میں ہیں۔ ہمیں خط کے جواب کا انتظار ہے۔