پاکستان نے زمبابوے کو ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں بھی ہرا کر سیریز اپنے نام کرلی۔
بلاوائیو میں کھیلی جارہی ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پوری ٹیم 57 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف کوئی وکٹ گنوائے بغیر ہی حاصل کرکے سیریز بھی اپنے نام کرلی۔
زمبابوے بیٹنگ لائن ناکام
زمبابوے نے اپنی بیٹنگ کا آغاز نسبتاًبہتر کیا۔ برین برینیٹ 21 اور ٹاڈی وناشے مارومانی نے 16 بنائے۔ لیکن ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ٹک نہ سکا اور 13ویں اوور میں پوری ٹیم 57 رنز پر ہی آؤٹ ہوگئی۔
سفیان مقیم نے 5 ، عباس آفریدی نے 2 جب کہ حارث رؤف اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بغیر نقصان کے ہدف پورا
پاکستانی اوپنرز نے معمولی ہدف کو بلا کسی نقصان کے حاصل کرلیا، عمیر یوسف 22 اور صائم ایوب 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس طرح پاکستان نے میزبان ٹیم کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2صفر سے اپنے نام کرلی۔