اہم ترین

کوئی مجرم بچے گا نہیں اور کسی بے گناہ کو سزا نہیں ہوگی، وزیر اعظم شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا  ہے کہ نو مئی کو  ہونے والے جلاؤ گھیراؤ کے واقعات میں کوئی مجرم سز سے نہیں بچ پائے اور نہ ہی کسی بے گناہ کو سزا ہوگی۔

ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو  نو مئی کو ہونے والے پُرتشدد واقعات میں ملوث  افراد کے خلاف  کی جانے والی کارروائی اور  گرفتاریوں کے حوالے سے ہونے وای پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ 

اجلاس میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ و دیگر سرکاری  اور سیکیوریٹی حکام نے شرکت کی ، جس میں آڈیو لیکس کا معاملہ بھی زیر غور آگیا اس بابت وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد یہ سارا معاملہ واضح ہوجائے گا۔ وزیر قانون نے کہا کہ اعلیٰ عدالتوں پر عوام کا اعتماد اہمیت کا حامل ہے اور جب بات ججوں کی ساکھ پر آئے تو سوال پیدا ہوتا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آڈیوز کے جعلی یا اصلی ہونے کی جانچ کے لیے فرانزک آڈٹ کرایا جاسکتا ہے۔ وزیر اعظم نے چیئر مین پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی نے ملک کو جو نقصان پہنچایا اس کی مثال نہیں ملتی اس نے اپنی انا اور ضد کی وجہ سے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا۔ 

وزیر اعظم نے  وزرا  کو ہدایت کی کہ وہ اداروں اور عوام کے درمیان اعتماد کی فضا برقرار رکھنے کے لیے کام کریں ۔  وزیر اعظم نے آئندہ ماہ آنے والے بجٹ میں عوام کو سہولت دینے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔

پاکستان