اہم ترین

کپتان کی ایک اور اہم وکٹ گر گئی، اسد عمر تمام پارٹی عہدوں سے مستعفی

پاکستان تحریک انصاف کے خلاف ہونے والے کریک ڈاؤن کے بعد کپتان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری ہے اور   پارٹی کے اہم رکن  اور سیکریٹری جنرل  اسد عمر نے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

اس بات کا اعلان انہوں نے اب سے کچھ دیر پہلے اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا ،  ان کا کہنا تھا کہ نو مئی کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال میں قیادت کی ذمے داری کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا، اسی لیے پی ٹی آئی کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔

انہوں نے نو مئی کو فوجی تنصیبات پر ہونے والے حملوں کی مذمت کی اور انہیں لمحہ فکریہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ   اس میں ملوث افراد کے خلاف بھرپور کارروائی ہونی چاہیئے۔

اسد عمر نے مستعفی ٰ ہونے کے لیے کسی قسم کی دباؤ کی تردید کی اور ملک  بھر کی جیلوں میں اسیر بے گنا ہ کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ  مجھ پر درج کی گئی ایف آئی آر میں لکھا ہوا تھا کہ میں شیریں مزاری اور شفقت محمود کے ہمرا ہ ڈنڈو ں سے لیس حملہ کرنے جارہے تھے، جب کہ اس وقت میں گھر پر بیٹھ کر ٹی وی دیکھ رہا تھا۔  جن لوگوں نے پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر حملہ کیا ان سے ہمارا کوئی تعلق نہیں  ہے۔

 ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میرا فوج سے تین نسلوں کا ساتھ ہے، 15 دن جیل میں رہا اور اس دوران موجودہ حالات کا جائزہ لینے کا بہت وقت ملا۔  انہوں نے کہا کہ  واقعات میں چند لوگ ملوث ہوں گے، لیکن ہزاروں بے گناہ کارکنان کو رہا کرنا ضروری ہے۔  کیوں کہ فوج کی طاقت صرف بندوق نہیں بلکہ قوم کے ساتھ کھڑے ہونے سے ہوتی ہے۔

سابق جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت 5 بڑے اسٹیک ہولڈر ہیں،  پہلے اسٹیک ہولڈر عدلیہ میں آپس میں اختلاف ہوچکے ہیں ، دوسری اسٹیک ہولڈر فوج ہے جس بابت میں تفصیلًا بات کرچکا ہوں۔ تیسری اسٹیک ہولڈر اور واحد قومی جماعت پاکستان تحریک انصاف ہے جس کے ہزاروں کارکنان جیلوں میں قید ہیں۔ چوتھی اٹیک ہولڈر ہماری مخالف سیاسی جماعت پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ ہے۔ جس کی سیاست گزشتہ تیرہ ماہ میں بہت کم زور ہوچکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی حقیقت تو یہی ہے کہ  اگر آج انتخابات ہوجائیں تو  تینوں میں پی ٹی آئی اور صرف ایک صوبے سندھ میں پی ڈی ایم کی حکومت بنے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی سیاست گزشتہ 13 ماہ میں انتہائی کمزور ہوچکی ہے، لیکن ان تمام اسٹیک ہولڈز کے مقابلے میں آخری اسٹیک ہولڈر ہے پاکستان کی عوام جو سب سے زیادہ طاقتور ہے

فواد چوہدری نےبھی  پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ چھوڑ دیا

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ  میں  نے سیاست میں وقفہ لینے کا فیصلہ کیا اور عمران خان سے اپنی راہیں جدا کرتے ہوئے پارٹی عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ نو مئی کو فوجی تنصیبات پر حملوں اور جلاؤ گھیراؤ کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے کئی رہنما پارٹی سے اپنی راہیں  جدا کرچکے ہیں، گزشتہ چند دنوں میں شیریں مزاری، فیاض الحسن چوہان،  عامر کیانی  سمیت پی ٹی آئی کراچی کے صدر آفتاب صدیقی بھی پی ٹی آئی اور عمران خان سے  قطع تعلق کرچکے ہیں۔

پاکستان