اہم ترین

جاپان میں دہشت گردی، پولیس اہل کاروں سمیت 3 افراد ہلاک

جاپان میں نقاب پوش حملہ آورنے   ایک عمارت میں گھس کر آتشیں ہتھیاروں سے فائرنگ اور چاقو کے وار کرکے خاتون سمیت تین افرادکو ہلاک کردیا۔

خبر رساں ایجنسی کیوڈو  کے مطابق   ناکانو شہر میں پیش آنے والے اس واقعے میں سیاہ لباس میں ملبوس ایک نقاب پوش نےایک عمارت میں داخل ہوکر پہلے ایک خاتون کے سینے پر چاقو سے وار کیے اور  بعدازاں اس پر گولیاں برسا دیں۔

فائرنگ کی آواز سن کر جب پولیس اہل کار جائے وقوعہ پر پہنچے تو ملزم نےان پر بھی فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو پولیس افسران موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

اندھا دھند فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جب کہ ملزم کو پکڑنے کی کوشش میں ایک شہری بھی زخمی ہوگیا۔ جسے مقامی اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

ناگانو پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری تاحال نہیں  کی جاسکی ہے اور وہ اس عمارت کے اطراف کی گلیوں میں ہی  کہیں روپوش ہے۔  پولیس نے ممکنہ طور پر  کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی تاکید کردی ہے۔

واضح رہے کہ  جاپان کا شمار دنیا کے پُرامن ممالک میں کیا جاتا ہے جہاں آتشیں ہتھیاروں سے ہونے والے جرائم کی شرح سب سے کم ہے۔

پاکستان