اہم ترین

شرجیل میمن کا عوامی مفاد میں ای ٹیکسی سروس شروع کرنے کا اعلان

سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے  کہا ہے کہ سندھ حکومت جلد ہی عوام  کو بہتر سفری نظام مہیا کرنے کے لیے کراچی میں ای ٹیکسی سروس متعارف کروانے جا رہی  ہے، جب کہ خواتین  مسافروں کے لیے خصوصی طور گلابی ٹیکسی سروس کا بھی آغاز کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق، منصوبے کے پہلے مرحلے میں 200 سے زائد الیکٹرک ٹیکسیوں کا اجراء کیا جائے گا، جن میں سے 50 کو گلابی ای ٹیکسیوں کا نام دیا گیا ہے، جوخصوصی طور پر  کراچی میں خواتین مسافروں کے لیے مختص کی جائیں گی۔

اس حوالے سے شرجیل میمن نے میڈیا کو بتایا کہ  اس اقدام  کا مقصد شہر کراچی میں مسافروں خصوصاً خواتین مسافروں کو بہترین سفری خدمات فراہم کرنا ہے ۔ اور کراچی سے شروع ہونے والی اس جدید ، سستی اور ماحول دوست الیکٹرک ٹیکسی سروس  کا دائرہ کار صوبے کے دوسرے شہروں تک وسیع کیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ای ٹیکسی سروس کے علاوہ، سندھ حکومت نے پیپلز بس سروس کے تحت25 ارب روپے مالیت کی  500 نئی بسیں شامل کر کے اپنی موجودہ پبلک بس سروس کو بہتر اور بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ الیکٹرک ٹیکسی سروس لوگوں کو سستی سفری سہولیات فراہم کرے گی، اور یہ منصوبہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کرے گا جب کہ ماحول دوست ٹیکسیوں سے اربوں روپے کے تیل کی بچت ہوگی۔

پاکستان