اہم ترین

نوواک جوکووچ نے 23 واں گرینڈ سلیم جیت لیا

فرنچ اوپن میں سربین ٹینس اسٹار کی فتح نے مردوں کے سب سے زیادہ گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے والے رافیل نڈال کو پیچھے چھوڑ دیا۔

 36 سالہ نوواک جوکووچ ابتدائی سیٹس میں اپنے بہترین کھیل کا مظاہرہ نہیں کر پا رہے تھے لیکن پہلے سیٹ کے ٹائی بریک میں ان کی کارکردگی نے 7-6 (7-1) 6-3 7-5 سے فتح کی راہ ہموار کر دی۔

رافیل نڈال اب مردوں کے سب سے زیادہ گرینڈ سلیم فتوحات میں سربین اسٹار سے پیچھے ہیں۔جوکووچ ہر گرینڈ سلیم کو کم از کم تین بار فتح کرنے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔

پیرس میں جوکووچ کی کلے کورٹ پر فتح کے بعد صرف مارگریٹ کورٹ (24 گرینڈ سلیم ٹائٹلز) ان سے آگے ہیں۔ان کے پاس اب اتنے ہی گرینڈ سلیم ٹائٹل ہیں جتنے سرینا ولیمز کے پاس ہیں۔

جوکووچ نے اس سے پہلے 2016ء اور 2021ء میں فرنچ اوپن جیتا تھا۔ جوکووچ نے کہا کہ “میں اپنی زندگی میں 23 گرینڈ سلیم جیتنے کو خوش قسمتی سے بھی بڑھ کر سمجھتا ہوں، یہ ناقابل یقین ہے۔

جب میں سات سال کا تھا تو میں ومبلڈن جیتنے اور دنیاکا سب سے اچھا کھلاڑی بننے کا تصور کرتا تھا۔ یہاں آ کر خود کو ناقابل یقین حد تک خوش قسمت محسوس کر رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ میرے پاس اپنی تقدیر خود بنانے کی طاقت ہے۔ میں ہر نوجوان سے کہنا چاہتا ہوں کہ اگر آپ بہتر مستقبل چاہتے ہیں تو آپ اسے بنا سکتے ہیں۔”

جوکووچ کی جیت کے چند منٹ بعد رافیل نڈال نے اپنے دیرینہ حریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا، “اس شان دار کام یابی پر بہت بہت مبارکباد، 23 (گرینڈ سلیم ٹائٹلز) ایک ایسا نمبر ہے جس کے بارے میں چند سال پہلے سوچنا بھی ناممکن تھا اور آپ نے اسے کر دکھایا ہے۔”

جوکووچ کو اگلے ماہ ومبلڈن میں مارگریٹ کورٹ کا ریکارڈ برابر کرنے کا موقع ملے گا۔یہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں وہ پہلے ہی سات بار جیت چکے ہیں اور راجر فیڈرر کے مردوں کے ٹائٹل کے ریکارڈ کی برابری کرنے کے لیے فیورٹ ہوں گے۔

جوکووچ اس فتح کے نتیجے میں عالمی درجہ بندی میں ٹاپ رینک پر واپس آجائیں گے۔

پاکستان