اہم ترین

یونان کشتی حادثے میں پاکستانیو ں کی اموات، ملک بھر میں یوم سوگ

یونان میں انسانی اسمگلروں کی زر پرستی سے جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کے لیے آج ملک بھر میں یوم سوگ منایا جا رہا ہے ۔  یوم سوگ کے موقع پر آج ملک بھر میں  جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے خصوصی دعائیں اور قومی  پرچم سرنگوں رہے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ  کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے    کشی ڈوبنے کی وجہ سے دو درجن سے زائد پاکستانیوں  کی ہلاکت پر چار رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کرتے ہوئے انسانی اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

 نیشنل پولیس بیورو کے ڈائریکٹر جنرل احسان صادق کی سربراہی میں بننے والی تحقیقاتی کمیٹی میں وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری (افریقا) جاوید احمد عمرانی، آزاد جموں و کشمیر پونچھ ریجن کے ڈی آئی جی سردار ظہیراحمد اور وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکریٹری (ایف آئی اے) فیصل نصیر شامل ہیں۔

یہ کمیٹی  کشتی ڈوبنے کے اسباب اور اس کے ذمے داروں کا تعین کرے گی، جب کہ مستقبل میں ایسے کسی افسوس ناک واقعے کے سدباب کے لیے عالمی سطح پر اس مسئلے کے حل کےلیے تعاون اور اشتراکی عمل کی تجاویز کے ساتھ ساتھ فوری اور طویل المدتی قانون سازی کا جائزہ لیا جائے گا۔

یونان کے قریب بحیرہ روم میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے  درجنوں افراد جاں بحق اور سیکڑوں لاپتہ ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں سے  27 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی ہے۔ جب کہ 50 سے زائد پاکستانی لاپتا ہیں۔

پاکستان