اہم ترین

نجم سیٹھی چیئرمین پی سی بی کی دوڑ سے باہر

نجم سیٹھی نے تصدیق کر دی ہے کہ وہ اب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین بننے کی دوڑ میں شامل نہیں ہیں۔

نجم سیٹھی اس وقت پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ہیں، انہوں نے منگل کو ایک ٹویٹ کے ذریعے پیغام دیا۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ وہ وزیر اعظم شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے درمیان “تنازع کی وجہ” نہیں بننا چاہتے۔

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا، “میں آصف زرداری اور شہباز شریف کے درمیان جھگڑے کی وجہ نہیں بننا چاہتا، اس طرح کا عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال پی سی بی کے لیے ٹھیک نہیں، میں ان حالات میں پی سی بی کی چیئرمین شپ کا امیدوار نہیں ہوں۔ میری نیک تمنائیں تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہیں۔”

اس سے قبل وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) احسان الرحمان مزاری نے اس بات کا اعادہ کیا تھا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کے حمایت یافتہذکاء اشرف پی سی بی کے اگلے چیئرمین بنیں گے۔

احسان الرحمان مزاری نے ایک مقامی ٹیلی ویژن شو میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی کمیٹی کے سربراہ ہونے کے ناطےسیٹھی صاحب کا مینڈیٹصرف آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرانا ہے۔

انہوں نے کہا، “نجم سیٹھی عارضی طور پر عبوری انتظامی کمیٹی کی سربراہی کے لیے آئے تھے اور ان کے پاس صرف کرکٹ کے میدان میں انتخابات کرانے کا مینڈیٹ تھا۔”

احسان الرحمان مزاری نے مزید کہا، “منیجمنٹ کمیٹی کو اب مزید کوئی توسیع نہیں دی جائے گی۔ ذکا اشرف پی سی بی کے اگلے چیئرمین ہوں گے۔ وزارت پہلے ہی ان کی (ذکا اشرف کی) سمری منظوری کے لیے وزیر اعظم کے دفتر میں بھیج چکی ہے۔

 ہمارے دل میں سیٹھی صاحب کے لیے بہت احترام ہے لیکن ہمارے امیدوار کے حوالے سے ہمارا ارادہ واضح ہے اور میں نے آج ان سے ملاقات کی تاکہ کرکٹ کے معاملات پر تفصیل سے بات کی جا سکے۔”

پاکستان