اہم ترین

دی سمپسنز میں ٹائٹین آبدوز کے ڈوبنے کی پیش گوئی! کیا حقیقت کیا فسانہ ؟

کارٹون سیریز دی سمپسنز کے  مداح اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ اس کارٹون نے 17 سال پہلے ہی ٹائیٹینک کا سیاحی دورہ کرنے والی  اوشین گیٹ آبدوز کے سانحے کی پیش گوئی کر دی تھی؟

عالمی وبائی بیماری اور مرڈر ہارنٹس کے “حملے” سے لے کر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے انتخاب اور لیڈی گاگا کی بہادر سپر باؤل کارکردگی تک، ماضی کے تاریخی واقعات کی بات ہو تو اینی میٹد سیریز دی سمپسنز کی پیش گوئیاں حیرت انگیز طور پر درست ثابت ہوئی ہیں۔ اوشین گیٹ آبدوز کی گمشدگی، جس کا رابطہ اتوار کو ٹائی ٹینک کے ملبے کی جگہ پر اترتے وقت ختم ہو گیا تھا، کچھ اطلاعات کے مطابق، ایسا لگتا ہے کہ مذکورہ کارٹون میں اس واقعے کی بھی “پیش گوئی” کی گئی تھی۔

2006ء سے دی سمپسنز کی ایک قسط “ہومرز پیٹرنٹی کوٹ”، اوشین گیٹ سانحے کے بعد سوشل میڈیا پر دوبارہ نمودار ہوئی، جس میں موجودہ واقعات سے حیرت انگیز مماثلت پائی جاتی ہے۔ اس قسط میں ہومر سمپسن اپنے والد کے ہمرا  ہ طویل عرصہ پہلے کھو جانے والے ایک خزانے کی تلاش کے لیے چھوٹی آبدوز پر گہرے سمندر میں مہم جوئی کرتے ہیں۔ خزانے کی تلاش کے دوران  انہیں ایک لاوارث جہاز  کا ملبہ ملتا ہے جو خزانے سے مالا مال ہے۔

تاہم، اچانک معاملات ان دونوں کے لیے خطرناک ہو جاتے ہیں جب ہومر اپنے والد کو کھو دیتا ہے اور اس کی آبدوز غلطی سے مرجان کی چٹان پر جزوی طور پر پھنس جاتی ہے اور آکسیجن کی سطح کم ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ ہومر خوفزدہ ہونے لگتا ہے اور کوما میں چلا جاتا ہے۔ اس واقعے کے کچھ دن بعد جب وہ ہوش میں آتا ہے تو اپنے پیاروں کو اپنے قریب پاتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سمپسن کے مصنف مائیک ریس گزشتہ جولائی میں اوشین گیٹ آبدوز میں سفر کر چکے ہیں، جو ٹائٹینک کے ملبے کے مقام کو دیکھنے کے لیے سمندر کی 13 ہزار فٹ گہرائی میں اترے۔

مائیک ریس نے نیویارک پوسٹ کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا، “لوگ جوش و خروش، سنسنی کے بارے میں بات کرتے ہیں اور پوچھتے ہیں کہ ‘کیا آپ خوفزدہ تھے؟’ اور یہ ایسا ہے جیسے میں سو گیا تھا۔”

مائیک ریس نے اس سفر پر جانے سے پہلے ایک راضی نامے پر دستخط کرنے کا دعویٰ کیا، اور انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس میں سفر کے دوران موت ہو جانے کا تین بار تذکرہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے آبدوز کے سفر کے لیے ایک لاکھ ڈالر سے زیادہ کی ادائیگی کی تھی۔

انہوں نے اپنے تجربے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا، “موت ہمیشہ چھپی رہتی ہے، یہ ہمیشہ آپ کے خیالات میں موجود ہوتی ہے۔ آبدوز پر سوار ہونے سے پہلے، آپ کو ایک طویل راضی نامہ دیا جاتا ہے جس کے صفحہ اول پر ہی تین بار موت کا ذکر موجود ہوتا ہے۔”

کیا واقعی سمپسنز میں ان واقعات کی پیش گوئی کی گئی ہے؟

ای ٹائمز نے مئی 2020ء میں سمپسنز ٹیم کے ساتھ پاپ کلچر اور تاریخی واقعات کے شو کی مسلسل پیش گوئی کی نوعیت کے بارے میں بات کی تھی۔

بارٹ سمپسن کی پس پردہ صداکار نینسی کارٹ رائٹ نے کہا، “ہمارا ٹریک ریکارڈ بہت طویل ہے، جو متاثر کن ہے۔”

لیزا سمپسن کی صداکار یارڈلی اسمتھ نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے مذاق میں کہا کہ یہ سب وقت کی بات ہے، “اگر آپ کا شو تین دہائیوں سے چل رہا ہے تو شاید آپ کو کہیں نہ کہیں (حقیقی زندگی) سے مماثلت نظر آجائے گی۔”

سمپسنز کے پروڈیوسر ال جین نے کہا، “لوگ اب ہم سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ ‘کچھ اچھی چیزوں کی پیشن گوئی کرنا شروع کریں!’  کیونکہ یہ پیش گوئیاں بہت منفی رہی ہیں۔”

پاکستان