اہم ترین

فریزر میں رکھا گوشت صحت کے لیے مضر ہے، ماہرین صحت  

ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ عید الاضحی پر گوشت کو فریز کرنے سے گریز کریں، کیوں کہ  فریزر میں رکھا  گوشت کھانے سے معدے میں جلن، ہائی کولیسٹرول، تیزابیت، آنتوں کا سکڑنا، متلی، اسہال، دل کے مسائل اور قبض کی شکایت ہو سکتی ہے۔

ماہرین صحت نے عوام الناس کو متنبہ کیا ہے کہ عیدالاضحی پر گوشت کو زیادہ دنوں تک فریز کرنے سے گریز کریں کیونکہ فریز گوشت کا زیادہ استعمال دل، گردے، جگر، ذیابیطس اور گیسٹرو کے امراض میں مبتلا ہونے کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔

ماہر صحت ڈاکٹر طارق مسعود نے نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ، ’’عیدالاضحی کے موقع پر ضرورت سے زیادہ گوشت کھانے سے عمومی صحت، خاص طور پر ان لوگوں کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں جنہوں نے اس گوشت کو کئی ماہ تک ذخیرہ کیا ہو۔‘‘

ہر سال سرکاری اور نجی صحت کے مراکز میں گوشت کے زیادہ استعمال کی وجہ سے عیدالاضحی کے بعد پیٹ اور دیگر بیماریوں کے متعدد کیسز سامنے آتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ منجمد گوشت کا استعمال نقصان دہ ہو سکتا ہے کیونکہ اس سے گردے متاثر ہو سکتے ہیں اور دل کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

ڈاکٹر طارق مسعود نے عیدالاضحی کے دوران کم چکنائی والے پکوانوں کے استعمال کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے لوگوں کو اس تہوار سے زیادہ سے زیادہ لطف اندوز ہونے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ عیدالاضحیٰ پر زیادہ تر کھانے گوشت پر مبنی ہوتے ہیں اس لیے ان کی تیاری میں چکنائی اور اضافی مسالوں کے استعمال سے بھی گریز کیا جائے۔ڈاکٹر طارق نے یہ بھی مشورہ دیا کہ لوگ گوشت کے ساتھ دہی اور پھلوں کا زیادہ استعمال کریں۔

انہوں نے کہا، ’’کچھ لوگ جانوروں کی چربی کو تیل کے طور پر استعمال کرتے ہیں جو کہ غیر صحت بخش ہے۔ سبزیوں کا تیل کھانا پکانے کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔ لوگوں کو گوشت والے پکوان کا استعمال کم سے کم کرنا چاہیے۔ کسی بھی چیز کی زیادتی صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔‘‘

پاکستان