اہم ترین

عید قرباں کے بعد معدے کے امراض میں 30 فیصد اضافہ

عید الاضحیٰ کے بعد معدے کے امراض میں تیس فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے۔  اور سرکاری و نجی اسپتالوں میں پیٹ درد، پیچش  اور بسیار خوری سے  متعلقہ امراض میں مبتلا ہونے والے شہریوں کی تعداد میں اضافہ ہوچکا ہے۔

جناح اسپتال کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول نے اس حوالے سے کہا ہے کہ جناح اسپتال میں اب تک تقریباً بارہ سو کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور درج بالا امراض میں مبتلا مریضوں کے تین سو سے چار سو کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔

اس حوالے سے ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ عید خصوصا عید الضحی ٰ کے بعد شہریوں کی خوراک میں تبدیلی آجاتی ہے اور زیادہ تر خواتین گوشت کو مکمل طور پر نہیں پکا پاتی اور کچا گوشت  عوام کو معدے کے مختلف امراض میں مبتلا کردیتا ہے۔

پروفیسر شاہد رسول  نے اس بابت کہا کہ کچھ شہری ساراا دن گوشت کے پکوان کھارہے ہوتے ہیں،اوراپنے  من پسند پکوان دیکھ کر بسیار خوری پر بھی اتر آتے ہیں، جس سے ان کے معدے پر زور پڑتا ہے،جناح اسپتال ایمرجنسی میں  ہی یومیہ اوسطا 15 سو سے 18 سو مریض آتے ہیں،جن میں سے 30 فیصد مریض گیسٹرو، پیٹ درد ،ڈائریا اور بسیار خوری میں مبتلا ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اکثر افراد قربانی کے گوشت کو فریزر میں رکھ دیتے ہیں،اور پاکثر شہری صبح دوپہر رات صرف گوشت کے بنے لوازمات سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

پروفیسر شاہد رسول نے بتایا کہ ہر چیز کی زیادتی نقصان دہ ہوتی ہے اور زیادہ گوشت کھانا بھی انسانی جسم کے لیے موزوں نہیں ہوتا۔

عوام کو چاہیئے کہ وہ  متوازن غذا کا استعمال کرتے ہوئے اعتدال کے ساتھ وقت پر کھانا کھائیں اور آلودہ پانی سے بنے چٹ پٹے کھانے سے پرہیز کریں کیونکہ یہ اسہال اور الٹیوں کا سب سے اہم سبب ہے۔

پاکستان