اہم ترین

زمبابوے کوشکست، اسکاٹ لینڈکی ورلڈ کپ تک رسائی

اسکاٹ لینڈ نے زمبابوے کو شکست دے کر زمبابوے کی امیدوں پر پانی پھیر تے ہوئے ورلڈ کپ 2023 کا حصہ بننے کے امکانات روشن کرلیے ہیں۔

بلاوایو میں ہونے والے اس فیصلہ کن معرکے میں اسکاٹ لینڈ نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف زمبابوے کو شکست دی بلکہ ورلڈ کپ تک رسائی کے امکانات کو بھی روشن کر دیا۔

مقابلے کے سپر سکس راؤنڈ تک ناقابل شکست رہنے والی زمبابوے کی ٹیم کو اسکاٹ لینڈ اور سری لنکا سے پے در پے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ سے وہ مقابلہ سے باہر ہو گئے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے ویسٹ انڈیز بھی ورلڈ کپ میں شمولیت کا موقع گنوا چکی ہے۔

اسکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 234 کا مجموعی اسکور بنایا۔ بلے بازوں کی اچھی کارکردگی کی بدولت وہ اس معقول ہدف تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے، جس کے بعد کرس سول کے نئے گیند کے اسپیل نے اسکاٹ لینڈ کی میچ پر گرفت مضبوط کر دی۔

کرس سول نے پہلی گیند پر جویلورڈ گمبی کو آؤٹ کیا اور پھر کپتان کریگ ارون کو تیسرے اوور میں پویلین کی راہ دکھائی۔ زمبابوے نے اپنی اننگز کے آغاز میں ہی 37 رنز پر چار وکٹیں گنوا دیں۔

ورلڈ کپ کوالیفائر، اسکاٹ لینڈ ورلڈ کپ 2023 کے لیے کوالیفائی کرنے سے اب صرف ایک فتح دور ہے۔ اگر وہ جمعرات کو ہالینڈ کو شکست دینے میں کامیاب رہتے ہیں تو چوتھی بار ورلڈ کپ کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لے گا۔

اسکاٹ لینڈ کے کپتان رچی بیرنگٹن نے کہا، “اس زبردست مقابلے کے لیے مجھے اپنے ساتھیوں پر بہت فخر ہے۔ ہمیں معلوم تھا کہ ابتدائی وکٹیں اہم ہوں گی، ہمارے باؤلرز نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہم جانتے تھے کہ یہ مقابلے آسان نہیں ہوں گے اور مجھے لگتا ہے کہ ہمیں ان دو فتوحات سے اعتماد ملے گا، لیکن ہمیں ہالینڈ کے خلاف ایک بار پھر مضبوط ہونے کی ضرورت ہے۔”

زمبابوے کے کپتان کریگ ایروائن نے کہا، “ہم نے انہیں 230 تک محدود رکھنے کے لیے اچھا کھیل پیش کیا، بدقسمتی سے کرس سول کے ابتدائی اسپیل نے ہمیں کمزور کر دیا اور اس مشکل صورتحال سے ابھرنا بہت مشکل تھا۔ یہ ٹورنامنٹ ہمارے لیے کافی مثبت رہا اور مجھے اس کرکٹ پر فخر ہے جو ہم نے کھیلی”۔

پاکستان