اہم ترین

سندھ حکومت کا عوامی سہولیات کی فراہمی میں ایک اور اہم اقدام

صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شہریوں کے لیے مزید الیکٹرک بسیں کل کراچی پہنچ جائیں گی۔

شہر قائد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل  انعام میمن کا کہنا تھا کہ الیکٹرک بسوں میں ان کے چارجر کے کچھ مسائل تھے جنہیں حل کردیا گیا ہے اور اضافی چارجرز بھی منگوالیے گئے ہیں اورکل سے یہ برقی بسیں کراچی کی سڑکوں پر رواں دواں ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اہل کراچی کے لیے مزید الیکٹرک بسیں منگوائی گئی ہیں جو کل کراچی پہنچ جائیں گی ، جب کہ رواں ماہ کے آخر میں بھی مزید بسیں منگوائی جائیں گی۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ میں عوام کا سرکاری اسپتالوں پر اعتماد بڑھ رہا ہے ، صوبہ سندھ میں علاج کے کسی  صحت کارڈ کی ضرورت نہیں ہے کوئی بھی شخص براہ راست اسپتال سے اپنا علاج کرواسکتا ہے۔  انہوں نے کہا کہ میں نے خود طبیعت خراب ہونے پر این سی ویڈی حیدرآباد سے اپنا علاج کروایا۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ 15 جولائی سے دھابیجی اکنامک زون شروع کیا جارہا ہے ۔ جو کہ پبلک پرائیویٹ پالیسی کے تحت ہے ۔ اس سے روزگار اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا ۔ ہم یہاں لوگوں کو بہت سہولیات اور اچھا ماحول دے رہے ہیں ۔ یہاں سرمایہ کاری کرنے والوں کو مشینری ڈیوٹی اور 10 سالہ ٹیکس سے چھوٹ دی گئی ہے۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ ہم نے ساحلی پٹی پر اربن فاریسٹ کا کام کیا ہے ۔ ہمارے کاموں کو عالمی اداروں نے سراہا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے ایک اور منصوبے پر بھی کام شروع کیا تھا ۔ جتنی بھی سندھ میں قدرتی معدنیات ہیں، ان کے لیے پوری دنیا کو یہاں لائیں  گے اور سرمایہ کاری پر آمادہ کریں گے۔

اس سلسلے میں ایک کانفرنس ہونی تھی جو سیلاب کی وجہ سے ملتوی کی گئی ، اہم اب پوری دنیا کو کانفرنس میں مدعو کریں گے، جس سے یہاں مختلف ممالک سرمایہ کاری کریں گے اور لوگوں کو روزگار میسر آئے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو جس ملک بھی گئے، وہاں نوجوانوں کے روزگار کی بات کی ۔ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ  کمزور ہے، ہم اس شعبے میں نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے اور اس سیکٹر میں بہتری لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم ہر ضلع میں ایک آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب نفرت کی سیاست بہت ہوچکی ، ہمیں اختلافات کے بجائے مل کر پاکستان کے لیے کام کرنا ہوگا ،اب چیزوں کو بہتری کی طرف لے کر جانا ہے تاکہ سب ایک پیج پر ہوں۔

کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہاں آپریشن جاری ہے۔ اس علاقے میں کئی چیلنجز ہیں، اس سلسلے میں آئی جی اور وزیراعلیٰ آپریشن کی مانیٹرنگ کررہے ہیں۔

سندھ میں نگراں حکومت کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعلیٰ کے ناموں پر غور ابھی نہیں ہوا اور مجھے معلوم بھی نہیں کہ کون نگراں وزیراعلیٰ آ رہا ہے۔  انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک دوسرے کے خلاف الیکشن ضرور لڑتے ہیں، تاہم ایم کیو ایم ہماری اتحادی جماعت ہے اور ہم اس کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

پاکستان