اہم ترین

ومبلڈن فائنل کا غیرمتوقع نتیجہ، فیورٹ نواک جوکووچ باہر

ومبلڈن مین فائنل میں اسپین کے نوجوان کارلوس الکاراز نے اس سال کے فیورٹ نوواک جوکووچ کو ایک اعصاب شکن اور طویل مقابلے میں تاریخی شکست دے کر اپنا پہلا ومبلڈن ٹائٹل جیت لیا

ومبلڈن فائنل کا ایک اور غیر متوقع نتیجہ! آل انگلینڈ کلب کے گراس کورٹ میں ایک 20 سالہ نوجوان اس کھلاڑی کو ہرا دے گا جسے اس کورٹ کا چیمپئن سمجھا جاتا ہے (بلکہ اکثر لوگ تو ازراہ مذاق اس کورٹ کو نواک جوکوچ کے گھر کا لان کہتے ہیں)، یہ واقعی کسی نے نہیں سوچا تھا۔ ہسپانوی اسٹار کارلوس الکاراز نے اپنے مختصر کیریئر میں ٹینس کی دنیا میں دھوم مچا رکھی ہے اور کل وہ ایک تقریباً ناممکن سمجھے جانے والے نتیجے کو حقیقت کا روپ دینے میں کامیاب ہوئے۔

الکاراز نے گزشتہ سال سنسنی خیز انداز میں یو ایس اوپن جیتا تھا اور اپنے غیر معمولی ٹیلنٹ سے سب کو حیران کر دیا تھا۔ اس سال وہ انجری کی وجہ سے آسٹریلین اوپن سے دستبردار ہو گئے تھے جب کہ فرنچ اوپن کے سیمی فائنل میں نوواک جوکووچ کے ہاتھوں شکست کھا گئے تھے۔ مگر ومبلڈن کے لیے ان کے عزائم کچھ اور ہی تھے!

الکاراز نے کہا، “یہ نئی نسل کے لیے بہت اچھا ہے کہ وہ مجھے انہیں (جوکووچ) شکست دیتے ہوئے دیکھیں اور یہ سوچنے پر مجبور ہوں کہ وہ بھی ایسا کرنے کے قابل ہیں۔”

میچ کا آغاز اور پہلا سیٹ الکاراز کے لیے پریشان کن تھا، تجربہ کار اور 24 واں گرینڈ سلیم جیتنے کا خواب اپنی آنکھوں میں سجائے نوواک جوکووچ کا سامنا کرنا کسی صورت آسان نہیں ہو سکتا تھا۔ پورے سیٹ میں صرف ایک گیم جیتنے کی شرمندگی 20 سالہ نوجوان پر حاوی ہونے لگی تھی مگر یہی وہ وقت تھا جب اس ابھرتے ہوئے ستارے نے یہ ثابت کیا کہ دنیا کیوں انہیں ایک غیر معمولی کھلاڑی تصور کر رہی ہے۔

الکاراز نے دوسرے اور تیسرے سیٹ میں جوکوچ کے قدم اکھاڑ دیے، یہاں تک کہ اس بار یہ جوکوچ تھے جو تیسرے سیٹ میں صرف ایک گیم جیت سکے!

بہرحال، سربیا کے جوکووچ بھی کچھ کم خطرناک کھلاڑی نہیں ہیں، چوتھے سیٹ میں انہوں نے اپنے مشہور زمانہ فٹ ورک کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے ایک بار پھر شائقین کا یقین پختہ کر دیا کہ فائنل بالآخر ان کے ہی نام ہوگا۔ لیکن 36 سالہ سپر اسٹار کے مداحوں کی یہ خوشی اب زیادہ دیر کی مہمان نہیں تھی!

“اسپینش سینسیشن” کے لقب سے مشہور کارلوس الکاراز نے آخری سیٹ میں اپنے ڈراپ شاٹ، ٹاپ اسپن لوب اور تیز رفتار سروس جیسے خطرناک ہتھیاروں کا بھر پور استعمال کیا اور 4 کے مقابلے میں 6 گیمز کے ساتھ باآسانی میچ پوائنٹ اپنے نام کیا۔ بے یقینی کی کیفیت میں وہ زمین پر لیٹ گئے اور اپنے چہرے کو ہاتھوں سے ڈھانپ لیا۔

کارلوس الکاراز نے ومبلڈن فائنل 2023 میں نوواک جوکووچ کو شکست دینے کے بعد جشن منایا

انہوں نے ومبلڈن کی ٹرافی پرنسز آف ویلز سے وصول کی۔ اداکار بریڈ پٹ، ڈینیئل کریگ، ایما واٹسن، ہیو جیک مین، گلوکارہ آریانا گرانڈے اور اسپین کے بادشاہ فیلیپ ششم جیسی کچھ دیگر مشہور شخصیات بھی بطور تماشائی اس فائنل میں موجود تھیں۔

الکراز نے شاہ اسپین سے مخاطب ہو کر کہا، “اب جب میں جیت گیا ہوں تو مجھے امید ہے کہ آپ میرے مزید میچوں میں بھی آئیں گے۔”

پاکستان