اہم ترین

کیا آرٹیفیشل انٹیلجنس سے انسانی بقا کوخطرہ لاحق ہے، تحقیق

معاشرے پر مصنوعی ذہانت کے اثرات کے بارے میں عوامی تاثرات، خوف اور امیدوں کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے محققین ایک عوامی سروے کر رہے ہیں۔

کیا مصنوعی ذہانت ہماری تہذیب کو ختم کر دے گی؟ لیرو، سائنس فاؤنڈیشن آئرلینڈ ریسرچ سنٹر برائے سافٹ ویئر اور یونیورسٹی کالج کارک کے محققین اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ عوام مصنوعی ذہانت اور سافٹ ویئر کے بارے میں عام طور پر کیا تصور رکھتے ہیں۔

ماہر نفسیات ڈاکٹر سارہ رابنسن (جو لیرو کے ساتھ ایک سینئر پوسٹ ڈاکٹرل محقق ہیں) نے لوگوں سے کہا کہ وہ دس منٹ کے گمنام آن لائن سروے میں حصہ لیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ عام طور پر مصنوعی ذہانت اور سافٹ ویئر کے لیے لوگوں کی امیدیں اور خوف کیا ہیں۔

یو سی سی میں مقیم محقق نے مزید کہا “ماہرین کی بحث کے دوران، عوام کی رائے پر بہت کم توجہ دی جاتی ہے اور یہ بحث اس وقت زوروں پر ہے۔ کچھ مصنوعی ذہانت ماہرین اس بات پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں کہ دوسرے فوری خدشات کے مقابلے میں تخیل شدہ قیامت جیسے منظرناموں کو ترجیح دیتے ہیں، جیسے کہ نسل پرستی اور جنس پرست تعصبات کو مشینوں میں پروگرام کیا جا رہا ہے۔

چونکہ سافٹ ویئر ہماری زندگیوں کے تمام معاملات کو متاثر کرتا ہے، اس لیے عوام یہ فیصلہ کرنے والی کلیدی اسٹیک ہولڈر ہے کہ سافٹ ویئر کے ذمہ دار ہونے کا کیا مطلب ہونا چاہیے۔ لہٰذا، اسی لیے ہم یہ جاننا چاہتے ہیں کہ عوام کیا سوچ رہی ہے۔”

ڈاکٹر رابنسن نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں مصنوعی ذہانت اور چہرے کی شناخت کے سافٹ ویئر کے ذریعے ہو رہی ہیں۔

“میرے لیرو ساتھی ڈاکٹر ابیبا برہانے اور دوسروں کی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ بعض مصنوعی ذہانت کو تربیت دینے کے لیے استعمال ہونے والا ڈیٹا نسل پرستانہ اور بد زبانی کی زبان سے آلودہ ہے۔ مصنوعی ذہانت کی بڑھتی ہوئی وسعت کے ساتھ متعصب ڈیٹا کا استعمال پہلے سے پسماندہ گروہوں کے لیے نقصان اور مزید پسماندگی کا باعث بن سکتا ہے۔

ڈاکٹر رابنسن نے ایک خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا، “جبکہ میڈیا میں مصنوعی ذہانت کے بارے میں بہت کچھ موجود ہے، خاص طور پر چیٹ جی پی ٹی اور یہ کس طرح کی دنیا بنا رہا ہے، اس کے بارے میں بہت کم معلومات موجود ہیں کہ عوام ہمارے ارد گرد سافٹ موجود ویئر کو کس طرح سمجھتے ہیں، سوشل میڈیا سے لے کر اسٹریمنگ سروسز تک یا شاید اس سے بھی زیادہ۔ ہم عوام کے نقطہ نظر کو سمجھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں، عوام کو کیا خدشات ہیں، سافٹ ویئر کو ذمہ دار اور اخلاقی بنانے کے حوالے سے ان کی ترجیحات کیا ہیں اور اس کو حقیقت بنانے کے لیے ان کے خیالات اور نظریات کیا ہیں؟”

سروے میں حصہ لینے والوں سے اہم مسائل پر اپنے خیالات کو واضح کرنے کی امید کے ساتھ مختلف مسائل اور موضوعات پر ان کے خیالات اور ممکنہ خدشات کے بارے میں پوچھا جائے گا۔ لیرو عوام سے اس مختصر سروے کے لیے اپنے 10 منٹ کا وقت دینے کے لیے درخواست کر رہا ہے۔

پاکستان