اہم ترین

اسمبلیوں نے مدت پوری کرلی تو 11 اکتوبرکو انتخابات ہوں گے، الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن حکام نے کہا ہے کہ اگر اسمبلیاں پہلے تحلیل ہوگئیں تو تو نوے دن اور اگر 12 اگست تک مدت پوری کرلی تو 11 اکتوبر تک الیکشن کروادیں گے۔

یہ بات سیکریٹری الیکشن کمیشن، اسپیشل سیکریٹری اور پولیٹکل فنانس ونگ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئی کہی۔

حکام نے واضح کیا کہ آئندہ عام انتخابات میں سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی اور مقررہ حد سے زیادہ انتخابی اخراجات کرنے والے امیدوار کے خلاف آئین کے مطابق  سخت کارروائی کی جائے گی اور اس ضمن میں پولیٹیکل فنانس ایم آئی ایس تشکیل دے دیا گیا ہے۔

حکام کا مزید کہنا تھا کہ پولیٹکل فنانس ایم آئی ایس 6 اداروں ایف بی آر، اسٹیٹ بینک، نادرا،سیکیوریٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور دیگر شامل ہیں، سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی سخت اسکروٹنی کے بعد نشانات دیے جائیں گے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے صحافیوں کو بتایا کہ الیکشن کمیشن 90 یا 60 روز میں انتخابات کےلیے تیار ہے، الیکشن کمیشن پرانی حلقہ بندیوں پر انتخابات کی تیاری کرچکا ہے، نئی مردم شماری کا نوٹی فکیشن ہوا تو قانون اور آئین کے مطابق فیصلہ کریں گے، مردم شماری کے نوٹی فکیشن سے پہلے نئی مردم شماری پر انتخابات کا سوال نہیں اٹھتا۔

اسپیشل سیکریٹری ظفر اقبال نے کہا کہ الیکشن کمیشن مردم شماری 2017ء کے تحت 2022ء میں حلقہ بندیاں کرچکا ہے، اگر اسمبلیاں پہلے تحلیل ہوگئیں تو تو نوے دن اور اگر 12 اگست تک مدت پوری کرلی تو 11 اکتوبر تک الیکشن کروادیں گے۔

پاکستان