اہم ترین

فیفا ای اسپورٹس ورلڈکپ، مینوئل بچور 3 لاکھ ڈالر کیش کے ساتھ فاتح قرار

سعودی عرب کے شہر ریاض میں منعقد ہونے والے فیفا ای اسپورٹس ورلڈکپ کے فاتح مینوئل بچور ٹرافی اور 3 لاکھ ڈالر کیش انعام کے حق دار قرار پائے۔

فیفا ای اسپورٹس ورلڈ کپ کے فائنل کے نتائج پر تنازعات کے بادل چھائے رہے۔ مینوئل بچور نے مارک زخاری کو پنالٹیز پر شکست دی جس کے بعد ہارنے والے کھلاڑی کی جانب سے اعتراض اور پنالٹی دوبارہ شروع کرانے کا مطالبہ سامنے آیا۔

مارک کی ٹیم فٹ ویز کے مطابق انہوں نے کھیل کو روکنے کی کوشش اس لیے کی کہ ان کے کنٹرولر ان پٹ ایک بڑی اسکرین پر دکھائے جا رہے تھے اور یہ واضح ہو گیا تھا کہ وہ کس سمت میں گول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

گیم فیفا 2023 میں ان پٹ اوورلے کو فعال کرنے کا ایک آپشن دیا جاتا ہے جس کی مدد سے کھلاڑی اپنے کنٹرولر کو اسکرین پر دکھانے کی اجازت دیتا ہے۔

ٹیم فٹ ویز کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے تین بار ریفریز کو بتانے کی کوشش کی اور ان سے شوٹ آؤٹ دوبارہ شروع کرنے کو کہا، لیکن وہ ٹیم گلٹ سے 4 کے مقابلے میں 5 گول سے ہار گئی۔

اس ورلڈکپ کا انعقاد سعودی عرب کے شہر ریاض میں ہوا جسے ناظرین کی بڑی تعداد نے آن لائن دیکھا۔

مارک کا دعویٰ ہے کہ مقابلے کے سب سے اہم لمحات کے دوران پیدا ہونے والے اس انتشار نے انہیں ذہنی طور پر بہت متاثر کیا۔

مارک نے کہا، “لاکھوں لوگ دیکھ سکتے ہیں کہ میں بال کو کہاں شوٹ کر رہا ہوں، میں ایمانداری کہہ رہا ہوں کہ میں خود بھی نہیں جانتا تھا کہ میں اس وقت کیا کرنے والا تھا۔”

مارک نے واضح کیا کہ وہ مخالف ٹیم کو دھوکے کا مرتکب نہیں سمجھتے، لیکن منتظمین کے حالات کو سنبھالنے کے طریقے سے وہ متاثر نہیں ہیں۔

ان کے مخالف مینوئل کا کہنا ہے کہ “انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ایک کنٹرولر اسکرین پر بھی نظر آرہا ہے لیکن میں نے پس منظر میں صرف کچھ آوازیں سنی ہیں”۔

انہوں نے مزید کہا، “اگر میں چاہتا تو دیکھ سکتا تھا لیکن اگر میں ایسا کرتا تو شاید نااہل ہو جاتا۔” مینوئل کا کہنا ہے کہ ریکارڈ 3 لاکھ ڈالرکا پہلا انعام جیتنے کے بعد وہ اچھا محسوس کر رہے ہیں۔ “یقینی طور پر یہ میرے کیریئر کا بہترین دن ہے۔”

فیفا کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ کھلاڑیوں کو بتایا جاتا ہے کہ اگر وہ اس آپشن کو فعال کرنے کا انتخاب کرتے ہیں تو اُن کے اِن پُٹ اوورلے کو نشر کیا جا سکتا ہے۔ “فوٹیج کا مکمل جائزہ لینے کے بعد ہم اس بات کی بھی تصدیق کر سکتے ہیں کہ کسی بھی کھلاڑی کو مسابقتی فائدہ نہیں ملا کیونکہ مخالف ٹیم کی نظر صرف اپنی اسکرین پر ہوتی ہے۔”

مقابلے کے قوانین کے مطابق گیمز کو صرف اس صورت میں روکا جا سکتا ہے کہ جب کسی قسم کے تکنیکی مسائل پیدا ہوں، اور ایسے مسائل پنالٹی شوٹ آؤٹ کے دوران نہیں ہوئے۔

پاکستان