اہم ترین

جناح ہاؤس پر حملے کی تحقیقات مکمل، پی ٹی آئی سربراہ ذمے دار قرار

کور کمانڈر ہاؤس حملے کی تحقیقات کے لیے قائم ہونے والی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی ( جے آئی ٹی) نے  نو مئی کو پیش آنے والے واقعے کی رپورٹ پیش کردی ہے جس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کوقصور وار قراردیا گیا ہے۔

جناح ہاؤس پر حملے کے مقدمہ نمبر 96/23 میں چیئرمین پی ٹی آئی سمیت نامزد ملزمان کوذمے دار قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے  کہ تفتیش  کے بعد نامزد ملزمان کی جناح ہاؤس واقعے میں منصوبہ بندی اور عمل درآمد ثابت ہوگیا ، کور کمانڈر ہاؤس  اور نومئی کو ہونے والے جلاؤ گھیراؤ کے واقعات باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیے گئے اور دوران تفتیش موبائل ویڈیوز ، کلوزسرکٹ فوٹیجز ، موبائل  فون پر کیے جانے والے رابطوں جیسے ڈیجیٹل شواہد ، سے بھی اس بات کی تصدیق ہوتی ہے۔

جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق چئیرمین پی ٹی آئی اور دیگر رہنماؤں کے جے آئی ٹی کو دیے گئے بیانات بھی حقائق کے برعکس ثابت ہوئے۔  اور موبائل کال ریکارڈ سے پی ٹی آئی رہنماؤں کے بلوائیوں سے رابطے بھی ثابت ہوئے۔

تاہم، پی ٹی آئی رہنما ڈیجیٹل و فرانزک شواہد  پیش کیے جانے پر کمیٹی کے سوالات کے مناسب جواب نہیں دے سکے ۔ جب کہ مقدمہ نمبر 96/23 کے علاوہ دیگر مقدمات میں بھی پی ٹی آئی قیادت قصور وار پائی گئی۔ دس مقدمات میں نامزد و گرفتار ملزمان کی حساس تنصیبات پر موجودگی جیوفینسنگ رپورٹ میں ثابت ہوئی۔

تمام مقدمات کی تفتیشی رپورٹ جلد عدالت میں پیش کردی جائے گی۔

دہشت گردی سمیت 20 دفعات کے تحت درج مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی ، شاہ محمود قریشی ، حماد اظہر ، مراد سعید ، علی امین گنڈا پور نامزد ملزم ہیں۔

پاکستان