اہم ترین

دنیا بھر میں تہلکہ مچانے والی’ اوپن ہائیمر’ کو بھارت میں پابندی کا سامنا

ہالی وڈ کو کسی بھی معاشرے کے مذہبی عناصر کو فلم کا حصہ بناتے وقت اس قوم کے جذبات کو مجروح ہونے سے بچانے کے لیے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

چند ہفتے قبل جب یہ انکشاف ہوا کہ کلیئن مرفی نے اپنے کردار کی تیاری کے لیے گیتا پڑھنی شروع کردی ہے تو ہندوؤں کی خوشی دیدنی تھی۔ تاہم، جب انہوں نے فلم دیکھی تو ان کا فخر جلد ہی مایوسی میں بدل گیا۔ ایک صارف نے ٹوئٹر پر فلم کے ایک منظر کو “توہین آمیز” قرار دیتے ہوئے کہا کہ “کسی مقدس کتاب (کے کسی حصے) کو رومانوی منظر میں استعمال کرنا انتہائی نامناسب ہے۔”

کرسٹوفر نولین  کی فلم “اوپن ہائیمر” روایتی بائیوپک انداز سے آگے بڑھ کر جے رابرٹ اوپن ہائیمر کی زندگی کو منفرد انداز میں پیش کرتی ہے۔ فلم مختلف ٹائم لائنز کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہے، جس میں کورٹ روم ڈرامہ، رومانس، اور سائنسی کامیابیاں شامل ہیں، جو بالآخر اسے ایک نایاب فلم بنا دیتی ہیں۔ کلیئن مرفی کی اوپن ہائیمر کی تصویر کشی غیر معمولی ہے، جس میں انہیں ایک جوہری دور کے عظیم سائنس داں کے طور پر دکھایا گیا ہے، جو ایک طرف سائنس کی صلاحیت سے تو متاثر ہے لیکن اپنی تخلیق کے تباہ کن نتائج سے بھی غافل نہیں ہے۔

فلم میں آواز اور موسیقی کا زبردست استعمال اس کی نمایاں خصوصیت ہے۔ جنگ کی ہولناکیوں کو بخوبی نمایاں کیا گیا ہے اور لڈوِگ گورنسن کی موسیقی نے فلم کے بیانیے میں ایک قابل قدر جہت کا اضافہ کیا ہے۔

اوپن ہائیمر کی غیر روایتی ساخت، شاندار پرفارمنسز اور بصری، صوتی اور موسیقی کا اختراعی استعمال انسانی عزائم اور سائنسی دریافت کے نتائج کی ناقابل فراموش مثال پیش کرتا ہے۔

فلم اوپن ہائیمر میں ایک سائنس دان کی ہندو مت سے حقیقی وابستگی کو ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی ہے، لیکن یہ بات بہرحال قابل بحث ہے کہ فلم کے ایک رومانوی منظر میں مرفی کے کردار کو بھگوت گیتا کا ایک حصہ پڑھتے دکھایا جانا صحیح تھا یا نہیں۔

جیسے جیسے بحث بڑھ رہی ہے، اس بات پر زور دیا جارہا ہے کہ نجی لمحات اور مذہبی موضوعات کو یکجا کرتے وقت فلم سازوں کو کتنا حساس ہونا چاہیے اور کس حد تک احترام کا خیال رکھنا چاہیے۔ یہاں یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ ہالی وڈ کسی بھی معاشرے کے مذہبی عناصر کو اپنی کسی فلم کا حصہ بناتے وقت کیا نظریہ رکھتا ہے اور کسی بھی قوم یا گروہ کے جذبات کو مجروح ہونے سے بچانے میں کس حد تک ذمہ داری کا مظاہرہ کرتا ہے۔

پاکستان