اہم ترین

ٹوئٹرکی ٹوئٹنگ بند، نام اور لوگو تبدیل

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے نئے مالک ایلو ن مسک نے ٹوئٹر کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکتے ہوئے نہ صرف اس کا لوگو بلکہ  اس کا رنگ بھی تبدیل کردیا ہے۔

ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے اپنے پروفائل میں نیا لوگو ظاہر کرتے ہوئے ٹوئٹر   اکاؤنٹ پر ایکس ڈاٹ کام شامل کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب ٹوئٹر کا نیا نام ایکس ہوگا۔

ایلون مسک نے گزشتہ روز اپنی ٹوئٹ میں اس شہرہ آفاق لوگو کو تبدیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ کل سے نئے نام اور لوگو (X)  کو دنیا بھر میں  لاگو کردیا جائے گا۔  ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اس  کمپنی کو ایک نئے اور جدید برانڈ کی طرح چلانا چاہتے تھےاور ایسا بہت پہلے ہی کردینا چاہیئے تھا۔

ایلون مسک نے ٹوئٹر کے پرانے نام اور لوگو پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم بہت جلد ٹوئٹر برانڈ اور اس کے ساتھ تمام پرندوں کو الوداع کہہ دیں گے۔

ٹوئٹر کی سی ای او لینڈا یاکازینو نے بھی ٹوئٹر کے نئے لوگو کی تصویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ظاہر کردی ہے۔ اس بابت ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی کاروبار کو مزید بہتر بنانے کا یہ ایک بڑا موقع ہے اور اب  (X) کی بدولت ہمارا آگے سفر کا سلسلہ جاری رہے گا”

امریکی میڈیا کے مطابق  اس غیر معمولی تبدیلی کا مقصد ٹوئٹر کو ایک خود مختار کمپنی سے نئی کمپنی ایکس کارپویشن کا ذیلی ادارہ بنانا ہے۔

ایلون مسک کی جانب سے کمپنی خریدے جانے کے بعد اس سے پہلے بھی کئی اہم تبدیلیاں کی جا چکی ہیں، تاہم لوگو اور نام بدل دینا اکتوبر 2022ء میں ہونے والی اس ڈیل کے بعد سب سے بڑی تبدیلی ہے۔

پاکستان