آسٹریلیوی وزیر خارجہ نے کہا ہے آج سے ہم اسرائیل کو ایک بار پھر غیر قانونی اور قابض ریاست اور فلسطین کو مقبوضہ لکھیں اور پکاریں گے۔
العربیہ نیوز کے مطابق وزیر خارجہ پینی وونگ نے اس ضمن میں پارلیمنٹ میں کی جانے والی قانون سازی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج سے ہماری ساری سرکاری دستاویزات میں اسرائیل کو قابض اور فلسطین کو مقبوضہ علاقہ لکھا اور پڑھا جائے گا۔
آسٹریلوی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بیت المقدس کو مقبوضہ علاقہ تصور کرتے ہوئے فلسطین کے ریاستی حل کے لیے راہ ہموار کرنی ہوگی۔
آسٹریلیاکی اس تاریخ سازی کا خیر مقدم کرتے ہوئے عرب پارلیمنٹ نے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اسرائیل فلسطین تنازع کے حل کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ بنا تاخیر سرکاری طور پر بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا 2014ء تک اسرائیل کو غیر قانونی اور قابض ریاست کہتا آیا ہے ، تاہم درمیان میں اس سلسلے کو روک دیا گیا تھا اور آج سے اسے دوبارہ شروع کردیا گیا ہے۔