اہم ترین

آرمی ایکٹ ترمیمی بل، صدر مملکت  نے اپنے سیکریٹری کی خدمات واپس کردیں

آفیشل سیکریٹ اور آرمی ایکٹ ترمیمی بل، صدر مملکت  نے اپنے سیکریٹری کی خدمات واپس کردیں

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ بل اور آرمی ایکٹ ترمیمی بل کے معاملے پر اپنے سیکریٹری وقار احمد کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو واپس کردیں۔

ایوانِ صدر کی جانب سے نگراں وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری کے نام خط میں لکھا گیا ہے کہ کل کے واضح بیان کے پیش نظر ایوان صدر نے صدر مملکت کے سیکریٹری کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو واپس کردی ہیں۔

خط  کے متن کے مطابق  صدر مملکت کے سیکریٹری وقار احمد کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو واپس کی جاتی ہیں۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس 22 گریڈ کی افسر حمیرا احمد کوصدر مملکت کی سیکریٹری  کے طور پرتعینات کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اس وقت جڑنوالہ میں ہیں۔دارالحکومت واپسی پر انہیں خط سے آگاہ کرتے ہوئے اس حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ صدر مملکت کے سیکرٹری وقار احمد کو گزشتہ سال ہی گریڈ 22 میں ترقی دی گئی تھی ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ایما پر ہی انہیں ایوان صدر میں تعینات کیا گیا تھا اور وہ ایوان صدر میں ہی بطور ایڈیشنل سیکرٹری خدمات سرانجام دے رہے تھے۔

پاکستان